پیر 20 مئی 2024

کراچی، مستحقین کا راشن فروخت کرنے والا دکاندار گرفتار

کراچی، مستحقین کا راشن فروخت کرنے والا دکاندار گرفتار

کراچی: شہر قائد میں مستحقین کا راشن دکان پر فروخت کرنے والے دکاندار کو گرفتار کرلیا گیا۔

 دھرتی نیوز کی رپورٹ کے مطابق کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں پولیس نے خفیہ اطلاع پر چھاپہ مار کر مستحقین میں تقسیم کیا جانے والا راشن دکان پر فروخت کرنے والے دکاندار کو حراست میں لے لیا۔

پولیس کے مطابق دکاندار نے 810 روپے میں مستحقین میں تقسیم کیے جانے والے راشن کے 2 تھیلے خریدے تھے۔پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار دکاندار نے راشن خریدنے کا اعتراف کرلیا ہے مزید تحقیقات جاری ہیں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں مخیر حضرات کی جانب سے تقسیم کیا جانے والا راشن دکانوں پر بیچا جارہا تھا۔

متاثرین کا کہنا تھا کہ مفت راشن خریدنے والے دکانداروں کیخلاف کارروائی کی جائے، غریبوں کی حق تلفی میں ایسے دکاندار برابر کے شریک ہیں۔

متاثرین کا کہنا تھا کہ شہر میں لاکھوں سفید پوش خاندان بھوک وافلاس کا شکارہیں، تاہم حکومتی سطح پر ایسے عناصر کی سرکوبی کیلئے کوئی قانون موجود نہیں۔

یاد رہے سندھ حکومت نے لاک ڈاؤن کے باعث متاثر ہونے والے افراد کو راشن تقسیم کرنے کے لیے 58 کروڑ روپے جاری کئے ہیں، جن سے مستحقین کی مدد کی جائے گی۔

خیال رہے کہ کروناوائرس سے لڑنے کے لیے ہر سطح پر اقدامات کیے جارہے ہیں، وفاق نے کروناریلیف فنڈ کا آغاز کیا جبکہ پنجاب اور سندھ بھی فنڈ سے متعلق خصوصی پروگرامز شروع کرچکے ہیں۔

Facebook Comments