پیر 20 مئی 2024

کابل، طالبان سے کتنے دنوں کی دوری پر ؟ امریکی انٹیلی جنس نے بتادیا

کابل(دھرتی نیوز انٹرنیشنل ڈیسک)افغان طالبان آئندہ 30 روز کے اندر دارالحکومت کا دیگر شہروں و علاقوں سے رابطہ منقطع کرسکتے ہیں اور 90 دنوں کے اندر کابل پر قبضہ بھی کرسکتے ہیں۔

 برطانوی خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق یہ بات امریکی انٹیلی جنس نے اپنی رپورٹ میں کہی ہے لیکن ساتھ ہی واضح کیا ہے کہ یہ حتمی نتیجہ نہیں ہے کیونکہ افغان فورسز زیادہ قوت دکھا کر طالبان کو پیچھے بھی دھکیل سکتی ہیں۔

امریکی انٹیلی جنس کے مطابق یہ اندازہ فی الوقت طالبان کی بڑھتی ہوئی پیش قدمی کو مدنظر رکھ کر لگایا گیا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ چند دنوں کے دوران طالبان نے بہت زیادہ تیزی کے ساتھ پیش قدمی کی ہے اور کئی صوبائی دارالحکومتوں کا کنٹرول بھی سنبھال لیا ہے۔

خبر رساں ایجنسی کے مطابق ایک اعلیٰ مغربی عہدیدار نے گزشتہ روز کہا تھا کہ افغانستان کے 65 فیصد حصے پر طالبان کا قبضہ ہے۔

 کابل میں موجود ایک اور مغربی سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ بڑھتی ہوئی لڑائی اور جاری تشدد کے باعث لوگوں کی بڑی تعداد کابل کا رخ کر رہی ہے لیکن یہ کہنا مشکل ہے کہ آنے والے لوگوں میں خودکش حملہ آور تو نہیں ہیں؟

خبر رساں ایجنسی کے مطابق بدخشاں کے دارالحکومت فیض آباد پر بھی طالبان کے قبضے نے افغان حکومت کو شدید دھچکہ پہنچایا ہے۔

واضح رہے کہ افغان صدر اشرف غنی نے افغان آرمی چیف جنرل ولی محمد احمد زئی کو ان کے عہدے سے ہٹانے کے بعد جنرل ہیبت اللہ علی زئی کو فوج کا نیا سربراہ مقرر کیا ہے۔

Facebook Comments