بدہ 08 مئی 2024

متحدہ عرب امارات جانے کے خواہشمند پاکستانیوں کیلئے خوشخبری

پشاور (دھرتی نیوز) امارات جانے کے خواہشمند پاکستانیوں کیلئے خوشخبری، ملک کے بڑے انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ کی سہولت فراہم کر دی گئی، ایک ہی دن میں سینکڑوں مسافر بیرون ملک روانہ ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا کے دارالحکومت میں قائم باچا خان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ‘ریپڈ پی سی آر’ ٹیسٹ کی سہولت فراہم کردی گئی۔
باچا خان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ‘ریپڈ پی سی آر’ ٹیسٹ کی سہولت سے متحدہ عرب امارات جانے کے خواہش مند مسافروں کو درپیش بڑی پریشانی دور ہوگئی۔ایئرپورٹ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ہوائی اڈے پر شارجہ جانے والے مسافروں کے ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ کیے گئے، پرواز کے ذریعے225مسافر روانہ ہوئے۔اس حوالے سے ایئرپورٹ مینجر نے بتایا کہ یو اے ای جانے والے مسافروں کو پرواز سے 4 گھنٹے قبل ایئرپورٹ پہنچنےکی ہدایت کی گئی تھی جس کے بعد ان کا ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ کیا گیا۔
خیال رہے کہ ڈی جی(ڈائریکٹر جنرل) سول ایوی ایشن اتھارٹی کی ہدایت پر نجی لیبارٹری کو ایئرپورٹ پر ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ کی اجازت دی گئی ہے۔یاد رہے کہ گزشتہ روز سول ایوی ایشن ہیڈ کوراٹرز میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سول ایوی ایشن (سی اے اے) کے ڈائریکٹر جنرل خاقان مرتضیٰ کا کہنا تھا کہ متحدہ عرب امارات جانے والے مسافروں کی اضافی تعداد کی وجہ سے پی سی آر ریپڈ ٹیسٹنگ میں دشواری کا سامنا ہے، مسائل حل کرنے میں دو ہفتے کا وقت لگ سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’ سی اے اے ملک کےتمام بین الاقوامی ہوائی اڈوں پر ایئرلائن کی منتخب کردہ لیبارٹریوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرے گی، سول ایوی ایشن کی جانب سے کمرشل پائلٹ لائسنس کےاجرا میں پہلے مرحلے میں 50 فیصد اور دوسرے مرحلے میں 25 فیصد سبسڈی دینے کے لیے حکومت کو تجویز پیش کردی ہے۔انہوں نے بتایا کہ ملک میں سیاحت کے فروغ کے لیے سی اے اے گوادر سمیت شمالی علاقہ جات کے ایئرپورٹس کو اپ گریڈ کرنے کا عمل شروع کردیا ہے،جس کے پہلے مرحلے میں اسکردو ایئرپورٹ کو عالمی ہوائی اڈے کا درجہ دیا جارہا ہے، جبکہ گلگت میں نئے ایئرپورٹ کے قیام کے لیے جگہ کا تعین کیا جارہا ہے،جس کے بعد بڑے جہازوں کی آمد ممکن ہوسکے گی۔

Facebook Comments