پیر 20 مئی 2024

پاکستان میں مقیم غیر ملکی شہریوں کے لئے بڑی خوشخبری ، وزیراعظم نےایسے منصوبے کا افتتاح کردیا کہ ہر کام با آسانی ہو جائے

اسلام آباد(دھرتی نیوز) وزیر اعظم عمران خان نے غیر ملکیوں کے شناختی کارڈ اور ورک پرمٹ کارڈ کے اجرا اور ویکسینیشن سرٹیفکٹ کی تصدیق کے لئے نادرا کی نئی موبائل ایپ اور شناختی کارڈ کی قومی تصدیق و تجدید کے منصوبوں کا افتتاح کر دیا، اس کارڈ کی بدولت پاکستان میں مقیم غیر ملکی افراد اور ان کے اہل خانہ اپنا کاروبار ، نجی تعلیمی اداروں میں داخلے کی سہولت، نجی ملازمت کا حصول، موبائل سم کارڈ کا اجراء ، بجلی گیس کےکنکشن کا با آسانی حصول ، بینک اکاؤنٹ کھلوانا ، گاڑی کی رجسٹریشن اور خرید و فروخت جیسی سہولیات سے مستفید ہو سکیں گے اور اس کارڈ کے حامل افراد فارن ایکٹ کے تحت قانونی چارہ جوئی سے بھی بچ سکیں گے۔

 تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے نادرا ہیڈکواٹر کا دورہ کیا،وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے نادرا ہیڈ کواٹر پر وزیراعظم کا استقبال کیا، چیئرمین نادرا محمد طارق ملک نے وزیراعظم کو وژن ڈیجیٹل پاکستان پر بریفنگ دی ، وزیر اعظم نے اس موقع پر 66نئے نادرا دفاتر اور 90نئی موبائل رجسٹریشن گاڑیوں کا بھی افتتاح کیا، وزیر اعظم کی ہدایات پر نادرا دفاتر کا دائرہ کار ملک بھر کی تمام تحصیلوں تک وسیع کیا جا رہا ہے ۔

وزیراعظم عمران خان نے اپنے وعدہ کی تکمیل کرتے ہوئے کئی دہائیوں سے مقیم غیر ملکی افراد کی سماجی ومعاشی دھارے میں شمولیت کو یقینی بنانے کے لئے ایلیئن شناختی کارڈ اور ورک پرمٹ کارڈ کے کا اجرا کا افتتاح کیا۔وزیر اعظم عمران خان نے ویکسینیشن سرٹیفکٹ کی تصدیق کے لئے نادرا کی نئی موبائل ایپ کووڈ 19پاس کا بھی افتتاح کیا، مجوزہ موبائل ایپ کے ذریعے اندرون و بیرون ملک سفر کرنے والے پاکستانی یا حکومتی ادارے کسی بھی جگہ کووڈ ویکسینیشن سرٹیفکیٹ کی فوری تصدیق کر سکیں گے، نادرا نے اپنے سسٹم کو جدید ترین خطوط پر استوار کر کے یہ ممکن بنا دیا ہے کہ ایک عام شخص بھی اپنے فون سے کسی بھی ویکسینیشن سرٹیفیکیٹ کے اصلی یا جعلی ہونے کا پتا لگا سکتا ہے،نادراکے سسٹم سے جاری ہر ویکیسینیشن سرٹیفیکیٹ پر ایک کیو آر کوڈ نصب ہے جسے موبائل کے کیمرہ سے سکین کیا جائے تو اس پرسرٹیفیکیٹ کے اصل مالک کا نام،پاسپورٹ نمبراور دیگرکوائف سامنے آ جاتے ہیں لہذا اب یہ ممکن نہیں کہ کوئی کسی اور کے سرٹیفیکیٹ پرجعل سازی سے اپنا نام درج کرے۔

 وزیر اعظم نے جعلی شناختی کارڈ کے خاتمے کےلئے آرٹیفیشل انٹیلجنس پر مبنی نادرا کے متعارف کردہ نظام کا بھی افتتاح کیا،تصدیق و تجدید کے اس نظام کو نئے چیئرمین نادرا محمد طارق ملک نے بہت کم وقت میں تخلیق کیا ہے، اس کی مدد سے نادرا ڈیٹا بیس سے غیر ملکی افراد کوبآسانی نکالنا ممکن ہوگا، نئے متعارف کردہ اس جدید نظام کے تحت نادرا ڈیٹابیس میں موجود خاندان کے سربراہ گھر بیٹھے اپنے خاندان کے افراد کی تفصیل اور تصدیق بذریعہ ایس ایم ایس اپنے موبائل پر کر سکے گا اور اپنے خاندان میں کسی بھی اجنبی یا غیر متعلقہ فرد کی موجودگی کی صورت میں نادرا کو آگاہ کر سکے گا، نادرا اس غیر متعلقہ شخص کے خلاف فوری قانونی چارہ جوئی کرے گا۔ وزیراعظم کو چیئرمین نادرانے ڈیجیٹل پاکستان سے جدت و استعداد کار پر مبنی روڈ میپ پیش کیا جس کے تحت متعارف کردہ پروگراموں کو تخلیق کرنے کے بعد وزیراعظم کے سامنے افتتاح کیلئے پیش کیا۔

Facebook Comments