پیر 20 مئی 2024

اقبال پارک میں لڑکی کی بے حرمتی پر شہباز شریف اور بلاول کی مذمت

14 اگست کو مینارِ پاکستان پر سیکڑوں افراد کا اکیلی لڑکی کو ہراساں کرنے اور تشدد کے واقعے پر شہباز شریف اور بلاول بھٹو زرداری نے شدید مذمت کی ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ وہ اس واقعے پر صدمے سے دوچار ہیں اور زيادہ تشویش ناک بات یہ ہے کہ ہمارا معاشرہ کس طرف جارہا ہے ، یہ انتہائی شرم ناک واقعہ ہے ۔

بلاول بھٹو زرداری نے بھی واقعے کو ہر پاکستانی کے لیے باعثِ شرم قرار دیا اور کہا کہ پاکستانی خواتین خود کو غیر محفوظ سمجھ رہی ہیں ، یہ ہماری ذمے داری ہے کہ ہم ان کے تحفظ اور مساوی حقوق کو یقینی بنائیں ۔


اس کے علاوہ پاکستان علما کونسل کے چیئرمین علامہ طاہر اشرفی نے بھی ملزمان کے خلاف فوری ٹرائل کرکے سرِعام سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے۔

 ڈی آئی جی انویسٹی گیشن نے اسپیشل انویسٹی گیشن ٹیم تشکیل دے دی

گریٹر اقبال پارک میں خاتون کو ہراساں کرنے کے معاملے پر ڈی آئی جی انویسٹی گیشن شارق جمال خان کا کہنا ہے کہ اسپیشل انویسٹی گیشن ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے جس کی سربراہی ایس ایس پی انویسٹی گیشن لاہورکریں گے۔

ڈی آئی جی انویسٹی گیشن شارق جمال خان نے بتایا کہ اسپیشل انویسٹی گیشن ٹیم 4 سب ٹیموں پر مشتمل ہو گی جن میں انویسٹی گیشن ،فارنزک، ایویڈنس اینڈ ڈیجیٹل میڈیا ٹیم شامل ہوگی۔

شارق جمال نے کہا کہ شہری واقعے میں ملوث افراد کی شناخت کرنے میں پولیس کی مدد کریں جبکہ معلومات شیئر کرنیوالے کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ تمام ملزمان کو جلد گرفتار کر کے انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

یاد رہے کہ لاہور میں 14 اگست کو گریٹر اقبال پارک میں اوباش نوجوانوں نے ایک خاتون سے بدتمیزی کی،کپڑے پھاڑ ڈالے اور اسے ہوا میں اچھالتے رہے۔

واقعے کی فوٹیج وائرل ہو نے پر پولیس نے 400 افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے تاہم اب تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے۔

Facebook Comments