پیر 20 مئی 2024

عاشورہ محرم الحرام ، وزیراعظم عمران خان نے فلسفہ شہادت امام حسینؓ بیان کرتے ہوئے قوم کے نام پیغام جاری کردیا

اسلام آباد(دھرتی نیوز)وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ شہادت حضرت امام حسینؓ کا یہ پیغام ہے کہ باطل بظاہر جتنا بھی عروج پر ہو اس نے بالاخر مٹنا ہوتا ہے اور حق کو جتنا بھی دبایا جائے اس نے قائم رہنا ہوتا ہے،اللہ تعالٰی سے دعا ہے کہ وہ ہمیں حضرت امام حسینؓ کے جذبہ شہادت، ایثار، قربانی اور حق پرستی کو اپنے اندر تازہ کرنے کی توفیق عطا فرمائے تاکہ ہم ملک وملت کی سربلندی کے لیے ہر قربانی کے لیے تیار ہوں۔

وزیر اعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان نے یوم عاشورہ محرم الحرام 1443ھ/2021 کے موقع پر قوم کے نام پیغام میں کہا کہ آج محرم الحرام 1443ھ کی دس تاریخ ہے جسے یوم عاشورہ بھی کہا جاتا ہے، یوم عاشور اسلام کی آمد سے قبل بھی اہم خصوصیات کا حامل رہا ہے لیکن نواسئہ رسولﷺ کی شہادت سے اسکی اہمیت اور زیادہ ہو گئی ہے، امام عالی مقامؓ کی شہادت ایک ایسا المناک اور درد انگیز واقعہ ہے کہ امت صدیاں گذرنے کے باوجود ان کی شہادت پرآج بھی افسردہ اور غم ناک ہے، سینکڑوں برس گزر جانے کے باوجود یہ زخم، غم اور واقعہ تازہ ہے۔

نواسہؓ رسولﷺ نےاپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکےدین اسلام کو حیات نو بخشی :صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی
انہوں نے کہا کہ نواسئہ رسولﷺ اور جگر گوشہ بتول سیدناحضرت امام حسین رضی اللہ تعالٰی عنہ نے جب یزید کے جبر واستبداد اور ظلم وستم کو ماننے سے انکار کردیا توآپ کو رفقاء سمیت میدان کربلا میں شہید کردیا گیا، امام عالی مقامؓ نے شہادت قبول فرمائی لیکن ظلم اور جبر کے سامنے سر نہ جھکایا اور نہ ہی یزید کی حکومت کو تسلیم کیا، امام عالی مقامؓ نے اپنے اسوہ سے یہ ثابت کردیا کہ حق وباطل کے معرکہ میں انسان کو ہمیشہ حق کا ساتھ دینا چاہیے اور قربانی دینے سے دریغ نہیں کرنا چاہیے،اسوہ شبیریؓ باطل سے ٹکراؤ کا ایک استعارہ بن چکاہے اور یہ جرات وبہادری کا وہ مینار نور ہے جہاں سے ہمیشہ کے لیے ظلم وتشدد اور بربریت کے خلاف اٹھنے والی تحریکیں روشنی حاصل کرتی رہیں گی۔

 وزیر اعظم نے قوم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ عزیز ہم وطنو! حق وباطل کا معرکہ ازل سے ہے اور ابد تک رہے گالہذا ہمیں چاہیے کہ ہم ہر دور میں سچ اور انصاف کا ساتھ دیں، جھوٹ اور مکر وفریب کی ہر چال کو ناکام بناتےہوئے امام عالی مقامؓ کو خراجِ عقیدت پیش کریں، دینِ اسلام کے جن اصولوں کی خاطرحضرت امام حسینؓ نےآلِ رسولﷺ کی شہادت پیش کی،ان اصولوں کی علمبرداری کےلیے ہم بھی قربانی پیش کرنے سے کبھی پیچھے نہ ہٹیں،شہادت حضرت امام حسینؓ کا یہ پیغام ہے کہ باطل بظاہر جتنا بھی عروج پر ہو اس نے بالاخر مٹنا ہوتا ہے اور حق کو جتنا بھی دبایا جائے اس نے قائم رہنا ہوتا ہے،اللہ تعالٰی سے دعا ہے کہ وہ ہمیں حضرت امام حسینؓ کے جذبہ شہادت، ایثار، قربانی اور حق پرستی کو اپنے اندر تازہ کرنے کی توفیق عطاء فرمائے تاکہ ہم ملک وملت کی سربلندی کے لیے ہر قربانی کے لیے تیار ہوں۔

 وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ آخر میں اس بات کا اعادہ ضروری سمجھتا ہوں کہ کورونا سے متعلق ایس او پیز پر عمل درآمد کو بھی یقینی بنائیں تاکہ ملک پاکستان اس وباء کے خطرات سے مکمل طور پر محفوظ ومامون ہو جائے، اللہ تعالٰی ہمارا حامی وناصر ہو۔پاکستان پائندہ باد

Facebook Comments