پیر 20 مئی 2024

کابل سے اڑے امریکی جہاز سے لوگوں کے گرنے پر امریکی صدر بائیڈن کا موقف بھی آگیا، حیران کن بات کہہ دی

واشنگٹن(دھرتی نیوز انٹرنیشنل ڈیسک) کابل پر قبضے کے بعد پہلی بار امریکی صدر جوبائیڈن نے ایک ٹی وی چینل کو انٹرویو دیا اور اس انٹرویو میں جب انہیں امریکی طیارے سے نیچے گرتے ہوئے افغانیوں کی تصاویر دکھائیں گئیں تو انہوں نے ایسے ردعمل کا مظاہرہ کیا کہ دنیا دنگ رہ گئی۔

دی سن کے مطابق ٹی وی چینل اے بی سی کو دیئے گئے انٹرویو میں مذکورہ تصاویر دکھانے کے بعد جب میزبان نے سوال کرنا چاہا تو جوبائیڈن قدرے غصے میں آ گئے اور میزبان کی بات کاٹتے ہوئے کہا کہ ”یہ چار پانچ دن پہلے ہوا ہے۔“

 صدر بائیڈن نے مزید کہا کہ ”ہمیں یہ کام تیزی سے کرنا تھا۔ ہمیں اس طریقے سے آگے بڑھنا ہو گا جس طریقے سے ہم نے ایئرپورٹ کا کنٹرول حاصل کیا۔میرے خیال میں کابل ایئرپورٹ پر افراتفری کو روکنا ناممکن تھا۔ یہ سوچنا کہ وہاں سے نکلنے کا کوئی ایسا طریقہ تھا جس کے بعد وہاں افراتفری نہ مچتی، مجھے نہیں معلوم کہ یہ کیسے ممکن تھا۔“

صدر جوبائیڈن کا کہنا تھا کہ ”طالبان ابھی تو امریکیوں کو ملک سے نکالنے میں تعاون کر رہے ہیں مگر امریکیوں کے ساتھ کام کرنے والے افغان شہریوں کو نکالنے میں کچھ مشکلات پیش آ رہی ہیں۔افغانستان میں جاری 20سالہ مشن کے ختم ہونے پر ایسے مسائل ناگزیر تھے۔ “

Facebook Comments