پیر 20 مئی 2024

عمران خان نے وسیم اکرم کی تصویر کیوں لگائی؟

وزیراعظم عمران خان نے سابق کپتان و مایہ ناز فاسٹ بولر وسیم اکرم کے ساتھ اپنی ایک پرانی تصویر شیئر کر دی۔

ویڈیو اینڈ فوٹو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر وزیراعظم کے آفیشل اکاؤنٹ سے جاری تصویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ عمران خان اور وسیم اکرم ایک ساتھ کھڑے ہیں۔

تصویر کو دیکھ کر ایسا لگ رہا ہے کہ عمران خان کوئی بات کہ رہے ہیں جسے وسیم اکرم بغور سننے میں مصروف ہیں۔ وسیم اکرم نے پینٹ شرٹ زیب تن کر رکھی ہے جب کہ عمران خان نے شلوار قمیض کے ساتھ شال پہنی ہوئی ہے۔

انسٹاگرام پر جاری وزیراعظم عمران خان اور وسیم اکرم کی تصویر کو ان کے مداحوں نے خوب پسند کیا ہے جب کہ اسے چند منٹوں میں 80 ہزار سے زائد افراد نے لائک بھی کیا ہے۔

ورلڈ کپ جیتنے کی خوشگوار یادیں فراموش نہیں کر سکتے، معین خان

قومی ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم کی عمران خان کے ساتھ تصویر اس وقت جاری کی گئی ہے جب پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی کو عہدے سے ہٹانے کی خبریں زیر گردش ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان پی سی بی چیئرمین کی ذمہ داری کسی سابق کرکٹر کو دینا چاہتے ہیں جس کے لیے وسیم اکرم اور رمیز راجہ کا نام آ رہا ہے۔

واضح رہے کہ عمران خان وسیم اکرم کی صلاحیتوں کے مداح ہیں اور اسی تناظر میں انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو وسیم اکرم پلس کا لقب بھی دے رکھا ہے۔

خیال رہے کہ قومی ٹیم نے 1992 کا ورلڈکپ عمران خان کی قیادت میں جیتا تھا جس میں وسیم اکرم کی کارکردگی شاندار رہی تھی۔

Facebook Comments