پیر 20 مئی 2024

امریکا کے85ارب ڈالر کے ہتھیار طالبان کے ہاتھ میں؟ امریکی سینیٹر کا چونکا دینے والا دعویٰ

ریپبلکن کانگریس کے ایک رکن اور امریکی بحریہ کے سابق ریزروسٹ جم بینکس کے مطابق امریکا افغانستان میں طالبان سے ہونے والی اس محاذ آرائی میں 85 ارب ڈالر کے جدید ہتھیار، ہیلی کاپٹر، ہوائی جہاز اور گاڑیاں ہار آیا ہے جو کہ اب سب کچھ طالبان کے قبضے میں ہے۔

 بینکس کے مطابق افغانستان میں رہ جانے والے دفاعی نوعیت کے سازوسامان میں 75 ہزار گاڑیاں، 200 ہوائی جہاز وہیلی کاپٹر جب کہ 6 لاکھ چھوٹے اور ہلکے ہتھیار شامل ہیں۔

 کانگریس کے اس رکن کے مطابق طالبان کے پاس اب دنیا کے 85 فیصد ممالک سے زیادہ بلیک ہاک ہیلی کاپٹر موجود ہیں۔

 جم بینکس نے مزید کہا کہ امریکا کہ اندھیرے میں دیکھنے والے چشمے، طبی سازوسامان اور سب سے اہم ان لوگوں کا بائیوڈیٹا جو امریکا کیلئے کام کرتے تھے یہ سب اب طالبان کے ہاتھوں میں چلاگیا ہے۔ انہوں نے اس کا الزام جو بائیڈن انتظامیہ کے سر دھرتے ہوئے کہا کہ یہ سب موجود امریکی حکومت کی کوتاہی کے سبب ہوا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بائیڈن کی حکومت مستقبل قریب یا بعید میں اس سازوسامان کو واپس لانے کا کوئی منصوبہ نہیں رکھتی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ان ہتھیاروں یا اس فوجی سازوسامان میں سے کسی بھی ہتھیار کو اب یا مستقبل میں کسی بھی وقت کسی امریکی کو نقصان پہنچانے، زخمی کرنے یا ہلاک کرنے کے لیے استعمال کیا گیا تو اس کا خون امریکی صدر جو بائیڈن کے ہاتھ پر ہوگا۔

جم بینکس نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حیران کن طور پر ہماری حکومت اس بارے میں سوچ بھی نہیں رہی کہ طالبان ان ہتھیاروں کا استعمال کب اور کس کے خلاف کریں گے۔

Facebook Comments