پیر 20 مئی 2024

افغانستان سے غیر ملکیوں کا انخلا، پاکستان سب سے بڑا بیس بن گیا

افغانستان سے مقامی و بین الاقوامی شہریوں کے انخلا کے دوران پاکستان سب سے بڑا بیس بن کر سامنے ابھر آیا ہے۔

 پاک فوج کے ترجمان ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار نے ایک پریس بریفنگ کے دوران کہا ہے کہ اس وقت افغانستان سے غیر ملکیوں کے انخلا کیلئے تیز ترین راستہ پاکستان ہے۔

 بین الاقومی خبررساں ادارے گلف نیوز کی رپورٹ کے مطابق 15 اگست سے اب تک پاکستان نے 7 ہزار غیر ملکی شہریوں کو افغانستان سے نکلنے میں مدد کی ہے، افغان دارالحکومت کابل میں ہونے والے خطرناک بم حملوں کے بعد سینکڑوں کی تعداد میں غیر ملکی کراچی اور اسلام آباد کے ایئرپورٹس پرپہنچے ہیں تاکہ آگے اپنی منزلوں کی جانب اڑان بھر سکیں۔

رپورٹ کے مطابق پاکستان نے سینکڑوں بین الاقوامی ملٹری اور کمرشل پروازوں کیلئے اپنی فضائی اور زمینی حدود کے استعمال کی اجازت دیدی ہے، اگست 27 تک 113 ملٹری اور کمرشل پروازیں پاکستان میں لینڈ کرچکی ہیں جبکہ زمینی ابلاغ کے ذریعے (جی ایل او سیز) بھی امریکی و ناٹو افواج کو نقل و حمل کے مرکزی مواقع فراہم کیے ہوئے ہے۔

پاکستان نےافغانستان کے ساتھ اپنے دونوں بارڈ چمن اور طورخم بھی تجارت اور سفر کیلئے کھول دیئے ہیں،ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ افغانستان ایک لینڈ لاک ملک ہے آپ کسی بھی صورت بارڈرز کو مکمل طور پر بند نہیں کرسکتے، پاک افغان سرحدوں پر صورتحال قابو میں ہے”۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کا مزید کہنا تھا کہ پاک فوج نےسرحد پر2 ہزار 611 کلومیٹر طویل باڑ لگادی ہے، قلعے، سرویلنس سسٹم اور ملک میں کسی بھی قسم کی جارحیت کی روک تھام کیلئے جدید ٹیکنالوجی کی مدد بھی لی گئی ہے۔

افغان مہاجروں سے متعلق ایک سوال کے جواب میں ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار کا کہنا تھا کہ افغانستان میں طالبان کے کنٹرول کے بعد سے اب تک کسی ایک مہاجر نے سرحد عبور نہیں کی ہے۔

Facebook Comments