منگل 07 مئی 2024

کورونا سے نجات حاصل نہیں ہوئی کہ بھارت میں ایک اور موذی بیماری نے بچوں کو نشانہ بنا نا شروع کردیا

نیویارک(دھرتی نیوز انٹرنیشنل ڈیسک) دنیا ابھی کورونا وائرس کی مصیبت سے نجات حاصل نہیں کر پائی کہ بھارت میں لوگوں کو ایک اور موذی بیماری نے آ گھیرا ہے جو بچوں کو نشانہ بنا رہی ہے۔ دی مرر کے مطابق یہ ایک پراسرار نوعیت کا بخار ہے جو بچوں میں تیزی سے پھیل رہا ہے اور اب تک 30ہزار سے زائد بچے اس کا شکار ہو چکے ہیں۔ ماہرین خدشہ ظاہر کر رہے ہیں کہ یہ پراسرار بیماری جس تیزی کے ساتھ پھیل رہی ہے، اگلی کورونا کی وباءثابت ہو سکتی ہے۔

ماہرین کے مطابق اس بیماری کی علامات میں پورے جسم،بالخصوص جوڑوں میں درد، سردرد، پانی کی کمی، جی متلانااور قے آنا، بخار ہونابازوﺅں اور ٹانگوں پر دانے نکلنا وغیرہ شامل ہیں۔بھارت میں اب تک اس بیماری سے 50لوگ موت کے منہ میں جا چکے ہیں جن میں اکثریت بچوں کی ہے۔ 6اضلاع میں کئی سو لوگ اس بیماری میں مبتلا ہونے کے سبب ہسپتالوں میں داخل ہیں۔ آگرا، متھورا، مین پوری، ایٹاہ، کسگنج اور فیروزآباد وہ اضلاع ہیں جہاں یہ بیماری سب سے زیادہ پھیل رہی ہے۔ضلع فیروزآبادمیں محکمہ صحت کی سینئر عہدیدار ڈاکٹر نیتا کلشرستھا نے بتایا ہے کہ اس بیماری میں مبتلا لوگ بہت تیزی کے ساتھ موت کے منہ میں جاتے ہیں۔ اب تک جتنی اموات ہوئی ہیں، ان کی ہسپتال لائے جانے کے اگلے چند دن کے اندر ہی موت واقع ہو گئی۔فیروزآباد میں اس بیماری سے اب تک40اموات ہو چکی ہیں جن میں 32بچے شامل ہیں۔

Facebook Comments