جمعرات 09 مئی 2024

طالبان کے حکومت میں آنے کے بعد درجنوں افغان آرٹسٹ اور موسیقار افغانستان چھوڑ کر پاکستان آگئے ،یہاں پہنچ کر کیا بتا یا ؟

پشاور(دھرتی نیوز)افغانستان کے دارالحکومت کابل پر طالبان کے قبضے کے بعد 50 سے زائد افغان آرٹسٹ اور موسیقار اپنے اہل خانہ کے ہمراہ پشاور پہنچ گئے اور کہا کہ پاکستان آتے ہوئے راستے میں کسی انہیں نقصان نہیں پہنچایا اور نہ دھمکی دی۔ڈان اخبارمیں شائع ہونے والی رپورٹ کے مطابق گزشتہ چند ہفتوں سے اکثر افغان آرٹسٹ اور موسیقار چمن، سپن بولدک اور پاک-افغان سرحد کے دیگر راستوں سے پشاور کا رخ کر رہے ہیں۔

ایک سینئر افغان لوک آرٹس نے شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر ڈان کو بتایا کہ وہ آرٹسٹ جو سابق افغان حکومت کے زیر انتظام ریڈیو اور ٹی وی چینلوں میں کام کر رہے تھے، طالبان کے قبضے سے قبل ہی جہازوں کے ذریعے ملک چھوڑ کر جاچکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ لیکن جو غریب اور ضرورت مند ہیں وہ پیچھے رہ گئے ہیں اور ان کی طرح بہت سے آرٹسٹ پشاور اور کوئٹہ کو محفوظ مقامات کے طور پر ترجیح دے رہے ہیں۔

 ایک اور لوک گلوکار کا کہنا تھا کہ بہت سے نوجوان افغان فنکار اور موسیقار پشاور سمیت پاکستان کے دیگر شہروں میں پیدا ہوئے اور یہی پلے بڑے ہیں بلکہ بنیادی موسیقی بھی یہاں کے مقامی استادوں سے سیکھی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ وہ اور فنکاروں کے متعدد گروپ اس امید سے افغانستان واپس گئے تھے کہ امریکی حمایت یافتہ حکومت ان کی مالی معاونت کرے گی لیکن بدقسمتی سے وہ اب بھی محروم ہیں۔ایک خاتون افغان فنکار نے کہا کہ ‘ہم نے کباڑی مارکیٹ میں کمرے اور اس کے ساتھ چھوٹے رہائشی مکان کرائے پر لیے ہیں، بہت سے فنکار کابل، جلال آباد اور دیگر شہروں میں مقیم تھے، ہمیں کسی نے دھمکی نہیں دی، لیکن موسیقی کا مستقبل تاریک ہونے کی وجہ سے افغان فنکاروں نے خود کو حفاظت اور موسیقی کے منصوبے کے پیش نظر واپس پشاور آنے کا فیصلہ کیا۔

Facebook Comments