جمعرات 09 مئی 2024

امیر دلہنیں اپنی شادی پر کیسی عجیب و غریب فرمائشیں کرتی ہیں؟ معروف ویڈنگ پلانر کا ایسا انکشاف کہ ہنسی آجائے

لندن(دھرتی نیوز انٹرنیشنل ڈیسک) شادی پر دلہنوں کی کچھ فرمائشیں ہوتی ہیں کہ وہ کس طرح کا لباس پہنیں گی، ان کی شادی کی تقریب کس انداز میں ہو گی وغیرہ وغیرہ۔ تاہم اب امراءکی شادیوں کا انتظام و انصرام کرنے والی ایک معروف ویڈنگ پلانر نے امیر دلہنوں کی کچھ ایسی عجیب و غریب فرمائشوں اور خواہشات کا انکشاف کر ڈالا ہے کہ سن کر آپ دنگ رہ جائیں گے۔

دی سن کے مطابق پوپی براﺅن نامی اس ویڈیونگ پلانر نے بتایا ہے کہ ”میری ایک کلائنٹ نے تین سال کے لیے اپنی شادی منسوخ کر رکھی ہے تاکہ وہ اپنی پسندیدہ تاریخ پر شادی کر سکے۔ یہ تاریخ اسے اعداد کی ترتیب کے لحاظ سے بہت پسند ہے جو آئندہ سال آنے والی ہے۔ یہ تاریخ 22-02-2022ہے۔ اس دلہن کی شادی دو سال قبل ہونی تھی مگر اس نے اس تاریخ تک کے لیے اپنی شادی ملتوی کر رکھی ہے۔اسے یہ نمبر اس لیے بھی پسند ہے کہ اس نمبر کو سیدھے یا الٹے ہاتھ سے، جس طرف سے بھی پڑھیں، یہ یکساں رہتا ہے۔“

 پوپی براﺅن بتاتی ہے کہ ”ایک دلہن نے اپنی سہیلیوں پر پابندی عائد کر دی کہ وہ اس کی شادی میں ایک جیسا لباس اور زیورات پہن کر آئیں گی۔ اس کی ایک سہیلی نے اپنے کان نہیں چھدوائے ہوئے تھے جس پراس نے اسے اپنی شادی میں شرکت سے روک دیا۔ اس پر باقی سہیلیوں کو غصہ آ گیا اور ان سب نے دلہن سے بدلہ لینے کے لیے کانوں میں زیور کی بجائے ’کلپ آنز‘ (Clip-ons)پہن کر شرکت کی تھی۔

 ایک اور دلہن چاہتی تھی کہ اس کی سہیلیاں ایک گیت کی دھن پر قدم اٹھاتے ہوئے اس کے ساتھ چلتی ہوئی شادی کی تقریب میں آئیں۔ اس کے لیے دلہن تین گھنٹے تک اپنی سہیلیوں کو اس گیت پر چلنے کی پریکٹس کرواتی رہی تھی۔“

پوپی براﺅن بتاتی ہے کہ ”میری ایک کلائنٹ (دلہن)نے شادی سے قبل تین بارعروسی لباس تبدیل کیا تھا،کیونکہ اسے لگتا تھا کہ لباس اسے فٹ نہیں آ رہا۔ ایک دلہن نے بینڈ کو 160گانوں کی ایک فہرست تھما دی تھی اور انہیں حکم دیا تھا کہ یہ تمام گیت ایک خاص ترتیب میں بجائے جائیں۔ایک اور دلہن نے اپنی شادی کے دعوت ناموں کے ساتھ اپنے مہمانوں کو ایک خط بھی بھیجا تھا جس میں سب مہمانوں سے درخواست کی گئی تھی کہ ان میں سے کوئی بھی اس مہینے میں شادی نہ کرے جس مہینے میں اس دلہن کی شادی ہو رہی تھی۔“

Facebook Comments