پیر 20 مئی 2024

’عمران خان میرے بہترین دوست ہیں‘ سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کپتان کی تعریفوں کے پل باندھ دیے

واشنگٹن (دھرتی نیوز انٹرنیشنل ڈیسک) امریکہ کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی افواج کے افغانستان سے محفوظ انخلا پر پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان اور ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کی تعریفوں کے پل باندھ دیے۔

امریکی ریڈیو میزبان گلین بیک کو انٹرویو دیتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ان کا پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان کے ساتھ بہت اچھا تعلق تھا اور وہ انہیں دوست کہتے تھے۔ عمران خان ایک بہترین کھلاڑی تھے، وہ کرکٹ کے مکی مینٹل تھے۔ خیال رہے کہ مکی مینٹل امریکہ کے معروف بیس بال کھلاڑی تھے۔

 اس موقع پر میزبان گلین بیک نے کہا کہ عمران خان اور ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید نے امریکی فوجیوں کے افغانستان سے انخلا میں مدد کی۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے افغانستان سے امریکی افواج کے انخلا کے معاملے پر جوبائیڈن انتظامیہ کو بھی کڑی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ جب وہ صدر تھے تو پاکستان امریکہ کی زیادہ عزت کرتا تھا لیکن اب پاکستان امریکہ کی بالکل بھی عزت نہیں کرتا۔

Facebook Comments