پیر 29 اپریل 2024

شہید راشد منہاس کی والدہ جہان فانی سے کوچ کر گئیں

کراچی (ویب ڈیسک) پائلٹ آفیسر راشد منہاس شہید نشانِ حیدر کی والدہ بیگم رشیدہ منہاس وفات پا گئیں۔

سربراہ پاک فضائیہ ظہیر احمد بابر نے راشد منہاس شہید کی والدہ کی وفات پر اظہارِ تعزیت کیا ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق ایئر چیف مارشل نے تعزیتی پیغام میں مرحومہ کے ایصال ثواب کے لئے دعا کی۔

ایئرچیف مارشل نے کہا کہ اللہ غمزدہ خاندان کو یہ دکھ صبر و ہمت سے برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔

اس سے قبل 2019 میں بیگم رشیدہ منہاس کی طبیعت کے حوالے سے خبر سامنے آئی تھی کہ وہ شدید بیمار ہیں اور ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔

یاد رہے کہ راشد منہاس نے 1971 کی جنگ میں وطن عزیز کے لیے جان قربان کی تھی۔

راشد منہاس کو 21اگست 1971 ءکو کراچی کے آرمی قبرستان میں سپردخاک کیا گیا تھا۔ راشد منہاس کو ان کی بہادری اور وطن کی خاطر جان قربان کرنے پر اعلیٰ ترین فوجی اعزاز نشان حیدر سے نوازا گیا، وہ نشان حیدر کا اعزاز پانےوالے کم عمر ترین پائلٹ ہیں۔

Facebook Comments