جمعرات 09 مئی 2024

شہباز شریف کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے ، مریم اورنگزیب

اسلام آباد ( دھرتی نیوز) مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا کہ شہباز شریف کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے ، صاف پانی ، گندا نالہ ، آشیانہ ہاؤسنگ سکیم ، میٹرو ، اورنج ٹرین ہر وہ منصوبہ جو شہباز شریف نے عوام کی فلاح کیلئے لگایا اس پر ان کیخلاف انکوائری کی گئی ۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ کبھی ڈیلی میل کے رپورٹر کو بلا کرکہانی گڑی گئی ، جب شہباز شریف ان کیخلاف ہتک عزت کے دعویٰ کیلئے گئے تو آج تک ڈیلی میل ہاتھ جوڑ جوڑ کر معافی مانگ رہی ہے ، ہر وہ الزام جو ان کے دماغ میں آیاانہوں نے وہ شہباز شریف ، سعد رفیق ، ثناء اللہ ، شاہد خاقان عباسی ، مفتاح اسماعیل ، حمزہ شہباز پر لگایا ، حمزہ شہباز کو مجموعی طور پر 22 ماہ تک جیل میں رکھا گیا ۔

ترجمان مسلم لیگ ن نے کہا کہ حکومت نے تمام کیسز کی تفتیش کرائی ، سوالنامے بھجوائے ، ہمارے خلاف جب کچھ نہیں ملا تو ہمیں عدالتوں نے ضمانتیں دیں ، انہوں نےبشیر میمن کو بلا کر کہا کہ ن لیگ کی قیادت کیخلاف کیس بنائیں ، بشیر میمن نے کہا کہ ان پر کوئی کیس نہیں بنتے ۔ عمران خان نے شہزاد اکبر کی سربراہی میں ایک سیل بنایا جس کا مقصد شہباز شریف کو جیل سے باہر نکلنے سے روکنا تھا مگر عدالت نےضمانت دے دی ، سپریم کورٹ تک نے اپنے فیصلے میں لکھا کہ کوئی کرپشن نہیں ہوئی ، انہوں نے خود شہباز شریف کیخلاف اپنی درخواستیں واپس لیں ، ہمارے خلاف ایک روپےکی کرپشن ثابت نہیں ہوئی ۔

مریم اورنگزیب نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ نیب نیازی گٹھ جوڑ کے تحت نیب آفس کو استعمال کیا گیا ہے، شہبازشریف جب گرفتار ہونےو الے تھے تو اس دن کرائے کے ترجمانوں نے پیش گوئی کی کہ آج شہباز شریف گرفتار ہوں گے ، اس کے علاوہ سعد فیق ، رانا ثناء اللہ سب کی گرفتاریوں پر کرایے کے ترجمانوں نے پیش گوئیاں کیں ۔

Facebook Comments