منگل 14 مئی 2024

شہباز شریف دور کے بارے میں تشویش ناک انکشاف، فوادچوہدری

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ 1990 سے لے کر اب تک تقریباً ساڑھے پانچ ہزار لوگ مار دیے گئے اور اس میں قابل ذکر اور افسوس ناک بات ہے قومی اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کے دور میں دو تہائی سے زائد لوگ ماورائے عدالت قتل ہوئے ہیں۔

لاہور میں پریس کانفرنس میں احمد فراز کی کتاب کا حوالہ دیتے ہوئےشہباز شریف دور کے بارے میں تشویش ناک انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف کے دور میں جعلی پولیس مقابلوں کو عروج حاصل رہا، 771 ملزمان کو جعلی پولیس مقابلوں میں مارا گیا اور سابق صدر جنرل پرویز مشرف کے دور میں جعلی پولیس مقابلے بند ہوگئے۔

انہوں نے کہا کہ سابق آئی جی سندھ رانا مقبول کو بندے مارنے کی اجازت ملی تو انہوں نے تعیناتی کے دوران مبینہ پولیس مقابلوں میں قتل کروایا اور ایک نجی محفل میں 23 افراد کو مروانے کا ذکر بھی کیا، ماضی میں پولیس پرائیوٹ لوگوں سے پیسے لے کر بندے مارتی رہی ہے۔

فوادچوہدری نے بتایا کہ 1990 کے بعد پولیس سسٹم کو تباہ کردیا گیا، جب شہباز شریف وزیر اعلیٰ پنجاب بنے تو انہوں جعلی پولیس مقابلے کی اجازت دی اور جرائم میں ملوث پیشہ ور ملزم کے خلاف سیکڑوں پولیس مقابلے ہوئے۔

بعدازاں انہوں نےقبول کیا کہ پولیس سسٹم میں بہتری کے لیے اس طرح کام نہیں کیا گیا جس طرح ہونا چاہیے تھا، پولیس سے متعلق اصلاحات کے لیے ضروری ہے کہ پہلے پولیس اور پھر پراسیکیوشن، عدلیہ اور محکمہ جیل کی اصلاحات ہوں۔

فواد چوہدری نے کہا کہ ان چار شعبوں میں اصلاحات کے بغیر کرمنل جسٹس کا پہلو نمایاں نہیں ہوگا۔

Facebook Comments