ھفتہ 04 مئی 2024

اوورسیز پاکستانیوں کے گڑھ پنجاب کے علاقوں کیلئے بڑے منصوبے کی منظوری

اوورسیز پاکستانیوں

لاہور: پنجاب حکومت نے اوورسیز پاکستانیوں کے گڑھ سمجھے جانے والے علاقے کے لئے بڑے منصوبے کی منظوری دے دی ہے، جس پر سوا دو ارب روپے سے زائد لاگت آئے گی، منصوبے کی تکمیل سے اوورسیز پاکستانیوں کا گڑھ سمجھے جانے والے ان علاقوں کے عوام کو سفر کی تیز اور آرام دہ سہولت حاصل ہوگی۔

تفصیلات کے مطابق اوورسیز پاکستانیوں کا گڑھ سمجھا جانے والا علاقہ کھاریاں، ڈنگہ اور منڈی بہاؤالدین کے لئے پنجاب حکومت نے بڑے منصوبے کی منظوری دے دی ہے، وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کھاریاں، ڈنگہ، منڈی بہاؤالدین روڈ دو رویہ کیرج وے کے بحالی منصوبے کی منظوری دی ہے، جس پر 2 ارب 23 کروڑ روپے لاگت آئے گی، منصوبے کی تکمیل سے اوورسیز پاکستانیوں کا گڑھ سمجھے جانے والے ان علاقوں کے عوام کو سفر کی تیز اور آرام دہ سہولت حاصل ہوگی۔

کابینہ کمیٹی برائے فنانس اینڈ ڈویلپمنٹ نے منصوبے کو سالانہ ترقیاتی پروگرام کا حصہ بنانے کی منظوری دی ہے، جس کے بعد جلد ہی اس پر ٹینڈرنگ سمیت دیگر کام شروع ہونے کا امکان ہے۔
خیال رہے کہ حکومت نے کھاریاں سے راولپنڈی تک موٹروے کی تعمیر کے لئے بھی تیاری کرلی ہے، اور منصوبہ بندی کمیشن کے تحت پبلک پرائیوٹ پارٹنر شپ اتھارٹی نے منصوبے کے ٹرانزیکشن اسٹرکچر کی منظوری دے دی ہے، یہ موٹر وے مکمل ہونے سے جی ٹی روڈ پر واقع شہر لاہور، سیالکوٹ اور اسلام آباد سے موٹروے کے ذریعہ جڑ جائیں گے، اور انہیں تیز اور آرام دہ سفر کی سہولت حاصل ہوگی۔

Facebook Comments