جمعرات 02 مئی 2024

بچوں کے ہمراہ تنہا دریا پار کرنے والی تارک وطن خاتون کے ساتھ کیا بیتی؟

تارک وطن

برسلز: تارک وطن ماں نے غیر قانونی طور پر یورپی یونین کی حدود میں داخلے کے لئے بچوں کی جانیں بھی خطرے میں ڈال دیں، اکیلی خاتون کے اقدام کو دیکھ کر حکام بھی حیران و پریشان رہ گئے، اس دوران ایک بچے کی جان بھی جاتی رہی ہے۔

تفصیلات کے مطابق ترک خاتون نے کروشیا سے شینگین ملک سلوینیا میں داخلے کے لئے اپنے 4 بچے ہی داو پر لگادئیے، ترک خاتون نے سیلابی کیفیت کے باوجود بچوں کے ساتھ دریا Dragogna پار کرکے سلوینیا داخل ہونے کی کوشش کی، یورپی خبر ایجنسی کے مطابق 47 سالہ ترک خاتون کے ساتھ اس کی 10 سالہ بیٹی، اور 3 بیٹے تھے، یہ دیکھتے ہوئے بھی کہ دریا میں پانی بہت زیادہ ہے، مذکورہ خاتون نے تینوں بیٹوں کو کروشیا کی طرف کنارے پر بٹھایا، اور پہلے خود بیٹی کے ساتھ دریا پار کرنے کی کوشش کی، تاہم اس دوران پانی کا ایک ریلا اس کی بیٹی کو بہا کر لے گیا، جبکہ خاتون نے خود مشکل سے ایک درخت کی ٹہنی پکڑ کر جان بچائی۔

سلوینیا کے سرحدی علاقے کے لوگوں نے ترک خاتون اور اس کے بچوں کو دیکھ لیا تھا، سو انہوں نے حکام کو اطلاع کردی، پولیس وہاں پہنچی تو خاتون سلوینیا کی طرف ایک درخت سے چمٹی ہوئی تھی، جسے وہاں سے اتارا گیا، جبکہ اس کے تین بچے جن کی عمریں 18، 13 اور 5 برس ہیں، وہ دریا کے دوسرے کنارے پر کروشیا کی طرف بیٹھے ہوئے تھے، مذکورہ خاتون نے بتایا ہے کہ اس نے بدنصیب بیٹی کو اپنے کندھے پر بٹھا کر دریا پار کرنے کی کوشش کی تھی، لیکن بچی بہہ گئی، بعد ازاں طویل تلاش کے بعد بچی کی لاش بھی مل گئی ہے۔

Facebook Comments