جمعرات 16 مئی 2024

گوادر مظاہرین سےمذاکرات، وزیر اطلاعات فواد چوہدری

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ گوادر کے مسئلے پر دو وفاقی وزرا اسد عمر اور زبیدہ جلال گوادر جائیں گے اور مظاہرین سے مذاکرات کرتے ہوئے وہاں کے حالات پر تبادلہ خیال کریں گے۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ کے دوران فواد چوہدری نے کہا کہ ’الیکٹرانک مشین کا معاملہ 2012 میں سب سے پہلے آصف علی زرداری نے اٹھایا تھا، اس کے بعد 2016 میں اس پر بات چیت ہوئی اور نواز شریف کی حکومت نے الیکشن کمیشن کو اس پر ایک جامع رپورٹ بنانے کی ہدایت دی‘۔

انہوں نے کہا کہ ’الیکشن کمیشن کو چاہیے کہ وہ اپنی شرائط پر مبنی ایک ٹینڈر جاری کرے تاکہ ساری دنیا میں جہاں ای وی ایم مشین بنتی ہیں وہ کمپنیاں ان سے رابطہ کریں گی’۔

ان کا کہنا تھا کہ ’ہم پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کی حکومت کے مؤقف کو ہی آگے بڑھا رہے ہیں اور الیکشن کمیشن نے خود آئندہ انتخابات کے لیے مانگی ہیں‘۔

گوادر کے معاملے پر وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ گوادر کے مسئلے پر دو وفاقی وزرا اسد عمر اور زبیدہ جلال گوادر جائیں گے اور مظاہرین سے مذاکرات کرتے ہوئے وہاں کے حالات پر تبادلہ خیال کریں گے، جبکہ وزیر اعظم اس معاملے پر پہلے ہی نوٹس لے چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد سے کئی گنا زیادہ گوادر میں پینے کے پانی پر خرچہ کیا گیا ہے، 700 ارب روپے کے سدرن بلوچستان کے منصوبے کا اعلان کر چکے ہیں، اس کے باوجود اگر منصوبے پر عمل درآمد نہیں ہو رہا تو اس کی تحقیقات کی جائے گی، دونوں وزرا وہاں جاکر اس کا جائزہ لیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ تیسرا اہم مسئلہ مہنگائی کا ہے، مسلسل تیسرے ہفتے حساس پرائس انڈیکس (ایس پی آئی) نیچے جارہا ہے اور قیمتوں میں کمی کا عمومی رجحان دیکھا جارہا ہے، جنوری سے تمام صوبوں میں صحت سے متعلق اخراجات حکومت اٹھائے گی۔

Facebook Comments