پیر 13 مئی 2024

کے پی کے بلدیاتی انتخابات،غیر حتمی نتائج آ گئے

قبائلی اضلاع کے انضمام کے بعد خیبرپختونخوا میں ہونے والے پہلے بلدیاتی انتخابات کے غیر سرکاری غیر حتمی نتائج کے مطابق حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مقابلے اپوزیشن جماعتوں کو مشترکہ طور پر برتری حاصل ہے۔

صوبے کے 17 اضلاع کی 66 تحصیلوں میں سے 52 کے موصول ہونے والے غیر حتمی نتائج میں پی ٹی آئی 15 نشستیں حاصل کرنے میں کامیاب رہی۔

جس کے بعد جمعیت علمائے اسلام (ف) 13، عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) 9، مسلم لیگ (ن) 2 جبکہ جماعت اسلامی اور پیپلز پارٹی ایک ایک نشست حاصل کرنے میں کامیاب رہیں۔

سیاسی جماعتوں کے علاوہ آزاد امیدواروں نے بھی نمایاں کامیابیاں حاصل کرتے ہوئے 13 نشستیں حاصل کرلیں۔

ابتدائی نتائج کے مطابق جے یو آئی (ف) کوہاٹ اور پشاور میں میئر جبکہ اے این پی مردان کے سٹی میئر کی نشست حاصل کرتی ہوئی نظر آرہی ہے تاہم الیکشن کمیشن کی جانب سے حتمی نتیجہ آنے کے بعد اس کی تصدیق ہوسکے گی۔

17 اضلاع کی 66 تحصیلوں میں انتخابات کا اعلان ہوا تھا، تاہم بنوں، درہ آدم خیل اور صوبائی کی ایک ایک تحصیل پر انتخاب ملتوی ہوا۔

چھ سال کے وقفے کے بعد اتوار کو منعقد ہونے والے مقامی حکومتوں کے انتخابات کے پہلے مرحلے میں تشدد اور حملوں کے چند واقعات ہوئے جن میں 5 افراد ہلاک جبکہ کچھ پولنگ اسٹیشنز کو تباہ کر دیا گیا۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے 17 اضلاع کے ایک کروڑ 26 لاکھ 68 ہزار رجسٹرڈ ووٹرز کے لیے 9 ہزار 223 پولنگ اسٹیشن قائم کیے تھے جبکہ کچھ علاقوں میں گڑبڑ کی وجہ سے ووٹنگ ملتوی کرنی پڑی، جن میں باجوڑ میں خودکش دھماکا، بنوں میں پولنگ عملے کا اغوا، کرک میں تصادم اور کوہاٹ میں وفاقی وزیر شبلی فراز کی گاڑی پر ہجوم کا حملہ شامل ہے۔

تاہم، ای سی پی کے دو مراحل میں بلدیاتی انتخابات کرانے کے فیصلے کی وجہ سے مجموعی انتظامات 2015 کے انتخابات کے مقابلے میں بہتر تھے۔

ای سی پی کے مطابق صوبے کے 17 اضلاع میں مجموعی طور پر 2 ہزار 32 امیدوار پہلے ہی ولیج اور نیبرہڈ کونسلوں کی نشستوں پر بلامقابلہ منتخب ہو چکے ہیں جن میں 217 جنرل کونسلرز، 876 خواتین، 285 کسان، 500 نوجوان اور 154 اقلیتی نشستیں شامل ہیں۔

کے پی کے 17 اضلاع یعنی بونیر، باجوڑ، صوابی، پشاور، نوشہرہ، کوہاٹ، کرک، ڈیرہ اسمٰعیل خان، بنوں، ٹانک، ہری پور، خیبر، مہمند، مردان، چارسدہ، ہنگو اور لکی مروت میں مجموعی طور پر ایک کروڑ 26 لاکھ 68 ہزار ووٹرز ہیں، جن میں 70 لاکھ مرد اور 55 لاکھ خواتین شامل ہیں۔

قبائلی اضلاع خیبر، مہمند اور باجوڑ میں پہلی مرتبہ مقامی حکومتوں کے انتخابات ہوئے ہیں۔

Facebook Comments