جمعہ 26 اپریل 2024

کورونا سے اموات 2 لاکھ کے قریب، چین میں گزشتہ 10 روز میں ایک بھی ہلاکت رپورٹ نہیں ہوئی

کورونا سے اموات 2 لاکھ کے قریب، چین میں گزشتہ 10 روز میں ایک بھی ہلاکت رپورٹ نہیں ہوئی

دنیا بھر میں کورونا وائرس سے ہلاک افراد کی تعداد دو لاکھ کے قریب پہنچ گئی ہے جب کہ امریکا کی کچھ ریاستوں میں کاروبار کھول دیے گئے ہیں۔

عالمگیر وبا کے باعث امریکا کی تین ریاستوں نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے اقدامات کے بعد کچھ کاروبا کھول دیے گئے ہیں تاہم ان ریاستوں نے عارضی لاک ڈاؤن کو برقرار رکھنے کا فیصلہ بھی کیا ہے۔

امریکی ریاستوں جارجیا اور اوکلاہاماسیلون اور اسپا سینٹرز کھول دیے گئے ہیں جب کہ ریاست الاسکا میں ریسٹورنٹس کھولنے کی اجازت دی گئی ہے۔

امریکا میں وائرس سے ہلاک افراد کی تعداد 52 ہزار 212 تک پہنچ گئی ہے جب کہ متاثرین کی تعداد بھی 9 لاکھ 25 ہزار 758 ہو گئی ہے۔

دوسری جانب چین میں گزشتہ 10 روز کے دوران کورونا کے باعث ایک بھی ہلاکت رپورٹ نہیں ہوئی ہے اور اموات کی مجموعی تعداد 4 ہزار 632 ہی ہے۔

چین کی وزارت صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے زیادہ تر امپورٹڈسامنے آ رہے ہیں جس کے باعث ساری توجہ روس سے واپس آنے والے چینی شہریوں پر مرکوز کر دی گئی ہے۔

عالمی رہنما غریب ممالک میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے اور انھیں ویکسین کی فراہمی کے لیے اقوام متحدہ کی جانب دیکھ رہے ہیں لیکن عالمی وبا کے باعث سب سے زیادہ متاثرہ ملک امریکا اور چین جہاں دنیا میں سب سے پہلے وائرس کی تصدیق ہوئی تھی ، دونوں ممالک نے خود کو کورونا کے خلاف اقوام متحدہ کی مشترکہ کاوشوں سے علیحدہ رکھا ہوا ہے۔

عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ٹیڈروس ایڈہانوم گیبریسس کا کہنا ہے کہ ان کا ادارہ کووڈ 19 کی تیاری کے لیے دنیا بھر کے ممالک اور شراکت داروں کے ساتھ ٹیمیں تشکیل دے رہا ہے۔

دوسری جانب افریقی ممالک جہاں گزشتہ ہفتے کے دوران کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد میں 43 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا ہے وہ کورونا وائرس کے حوالے سے اقدامات اور طبی سامان کے اعتبار سے دوسرے ممالک سے بہت پیچھے ہیں اور 10 افریقی ملک تو ایسے ہیں جہاں ایک بھی وینٹی لیٹر موجود نہیں ہے۔

اٹلی میں کورونا سے اموات کی تعداد 26 ہزار کے قریب پہنچ گئی ہے جب کہ اسپین میں یہ تعداد 22 ہزار 524 اور فرانس میں 22 ہزار 245 ہے۔

برطانیہ میں کورونا وائرس سے ہلاک افراد کی تعداد 19 ہزار 506 ہو گئی ہے جب کہ جرمنی میں مزید ہلاکتیں سامنے آنے کے بعد اموات کی تعداد 5 ہزار 767 ہو گئی ہے۔

ایران میں 5 ہزار 574 جب کہ ترکی میں 2 ہزار 600 افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو چکے ہیں۔ اس کے علاوہ برازیل میں اموات کی مجموعی تعداد 3 ہزار 704 جب کہ بیلجیم میں 6 ہزار 679 ہو گئی ہے۔

دنیا بھر میں عالمگیر وبا سے متاثرہ افراد کی تعداد 28 لاکھ 33 ہزار 903 ہو گئی ہے جب کہ اموات کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 97 ہزار 359 تک پہنچ گئی ہے، 8 لاکھ 7 ہزار سے زائد افراد صحت یاب بھی ہو چکےہیں۔

Facebook Comments