ھفتہ 04 مئی 2024

روس میں کورونا کیسز میں ہوشربا اضافہ، دنیا بھر میں تعداد 30 لاکھ سے تجاوز

روس میں کورونا کیسز میں ہوشربا اضافہ، دنیا بھر میں تعداد 30 لاکھ سے تجاوز

دنیا کے مختلف ممالک میں جہاں کورونا وائرس کے کیسز میں نمایاں کمی آرہی ہے وہیں روس میں مریضوں کی تعداد میں اچانک اضافہ دیکھا گیا ہے۔

روس

روس کی سرکاری نیوز ایجنسی کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 6 ہزار411 کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد مریضوں کی تعداد 93 ہزار 558 ہوگئی ہے جب کہ ہلاکتوں کی کل تعداد 73 ہوچکی ہے۔

امریکی جونز ہاپکنز یونیورسٹی کے نئے اعداد و شمار کے مطابق روس نے کورونا کے کیسز میں ایران اور چین کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے اور اس طرح وہ پوری دنیا میں نویں نمبر پر متاثر ہونے والا ملک بن گیا ہے۔

30 لاکھ مریض، دو لاکھ سے زیادہ ہلاکتیں، دنیا بھر میں کورونا وائرس کی تازہ ترین صورتحال

برازیل

برازیل میں بھی کورونا کی تباہ کاریوں میں تیزی سے اضافہ دیکھا گیا ہے جہاں ایک ہی دن میں ہزار کے قریب کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد متاثرین کی کل تعداد 67 ہزار 446 تک پہنچ گئی ہے جب کہ مزید 60 مریض ہلاک ہونے کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 4 ہزار 603 ہوگئی ہے۔

میکسیکو

میکسیکو میں بھی مہلک کورونا کے 852 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جہاں اب مجموعی تعداد 15 ہزار 529 ہوگئی ہے جب کہ مزید 83 ہلاکتوں کے بعد 1 ہزار 434 افراد لقمہ اجل بن گئے ہیں۔

امریکا

جونز ہاپکنز یونیورسٹی کے اعداد و شمار کے مطابق امریکا میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اموات کی تعداد میں نمایاں کمی آئی ہے یعنی 50 سے اوپر اموات کا سلسلہ اب صرف 6 تک آگیا ہے۔

امریکا میں کورونا سے اموات کی کل تعداد 56 ہزار 803 تک پہنچ گئی ہے جب کہ 150 نئے کیسز سامنے آنے کے بعد متاثرین کی کل تعداد 10 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔

گورنر نیویارک نے 15 مئی کے بعد لاک ڈاؤن میں نرمی کا عندیہ دیاہے اور ان کا کہنا ہے کہ نیو یارک شہر کو کھولنے کا فیصلہ نیو جرسی اورکنیٹی کٹ حکام سے مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔

دوسری جانب امریکی ریاست ہوائی نے لاک ڈاؤن میں 31 مئی تک توسیع کر دی ہے۔

یورپی ممالک

یورپ کے سب سے زیادہ متاثرہ ممالک اسپین، اٹلی اور فرانس میں ہلاکتیں اور نئے کیسز مسلسل سامنے آ رہے ہیں تاہم کیسز اور اموات کی تعداد میں بتدریج کمی واقع ہو رہی ہے۔

اٹلی میں کورونا وائرس سے ہلاک افراد کی تعداد 26 ہزار 977 ہو گئی ہے جب کہ اسپین میں23 ہزار 521 اور فرانس میں 22 ہزار 293 افراد جان سے جاچکے ہیں۔

نیوزی لینڈ

نیوزی لینڈ میں سخت لاک ڈاؤن کے باعث کورونا کیسز کی تعداد بتدریج کم ہورہی ہے اور 27 اپریل کو نیوزی لینڈ میں صرف ایک کیس رپورٹ ہوا ہے جس کے بعد نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جیسنڈا آرڈرن نے کورونا وائرس کے خلاف جنگ جیتنے کا دعویٰ کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:اسٹیٹ بینک نے ملازمتوں میں کٹوتی نہ کرنے والوں کیلئے رعایتی پیکج تیار کرلیا

نیوزی لینڈ میں مہلک وائرس سے اب تک 19 افراد ہلاک ہوئے ہیں جب کہ متاثرہ افراد کی تعداد 1469 ہے اور 1180 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔

ناروے

ناروےمیں کورونا وائرس پر قابو پانے کے اعلان کے بعد اسکول کھول دیےگئے ہیں۔

اوسلو میں 6 سے 10 سال کے بچوں کے لیے نرسری اسکولز ایک ہفتہ پہلے کھولے گئے تھے اور کھلنے والے اسکولز میں کلاسز کو کم سے کم 15 طلبہ تک محدود کردیا گیا ہے۔

ناروے حکومت نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کا مقابلہ کرنے کے لیے عائد پابندیاں 12 مارچ سے نرم کرنا شروع کر دی تھیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ کورونا پر قابو پانے کے باوجود کھولے جانے والے کاروبار میں بہت سی احتیاطی تدابیر اور اقدامات جاری رہیں گے جب کہ کھیلوں اور ثقافتی پروگراموں پر پابندی برقرار رہے گی۔

چین

مہلک وائرس کے ابتدائی متاثرہ ملک چین نے کورونا کیخلاف جنگ جیت لی ہے اور اب وہاں کیسز کی تعداد نہ ہونے کے برابر ہے۔

چین میں 24 گھنٹوں کے دوران صرف 6 کیس رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد مریضوں کی کل تعداد 82 ہزار 836 ہوگئی ہے جب کہ کوئی نئی ہلاکت کی خبر سامنے نہیں آئی ہے۔

چین میں کورونا وائرس سے مجموعی طور پر 4 ہزار 633 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

خیال رہے کہ دنیا بھر میں کورونا وائرس سے اب تک 30 لاکھ 73 ہزار 509 افراد متاثر ہو چکے ہیں جس میں سے 2 لاکھ11 ہزار سے زائد افراد ہلاک اور 9 لاکھ24 ہزار 637 صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔

Facebook Comments