اتوار 19 مئی 2024

ایسا لگ رہا ہے جیسے ہم کہیں پھنس گئے ہیں، صنم سعید

ایسا لگ رہا ہے جیسے ہم کہیں پھنس گئے ہیں، صنم سعید

پاکستان فلم و ٹی وی انڈسٹری کی معروف اداکارہ صنم سعید کا کہنا ہے کہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے ایسا محسوس ہورہا ہے کہ جیسے ہم کہیں پھنس گئے ہیں۔

فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر صنم سعید نے اپنی ایک تصویر شیئر کی جسے دیکھ کر ایسا محسوس ہو رہا ہے کہ اداکارہ ایک گہری سوچ میں ڈوبی ہوئی ہیں۔

تصویر شیئر کرتے ہوئے صنم سعید نے لکھا کہ ’معاشرتی دوری اخیتار کرنا، گھر میں رہنا، کسی سے نہیں ملنا، اس سب کے بعد ایسا محسوس ہو رہا ہے کہ جیسے ہم ایک جگہ پھنس گئے ہیں۔‘

صنم سعید نے کہا کہ ’لاک ڈاؤن کے دوران کچھ دن تیزی سے گُزر رہے ہیں، کوئی دن آہستہ گزرتا ہے، کوئی دن مصروفیت میں گزر جاتا ہے اور کوئی دن ایسا بھی ہوتا ہے جو بڑی مشکل سے گُزرتا ہے۔‘

اداکارہ نے کہا کہ ’لیکن اِس مشکل گھڑی میں کوئی ایک شخص نہیں بلکہ ہم سب ہی شامل ہیں۔‘

اِس کے علاوہ صنم سعید نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں اپنی کچھ سہیلیوں کی یادگار تصاویر بھی شیئر کیں۔

تصاویر شیئر کرتے ہوئے صنم سعید نے لکھا کہ ’میں آپ سب کو بہت یاد کرتی ہوں، ہماری دوستی ہمیشہ اسی طرح سلامت رہے۔‘

یاد رہے کہ لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد اور غیر محتاط رویے کے باعث پاکستان میں ناصرف کورونا کیسز کی تعداد میں بلکہ اس سے اموات میں بھی تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔

Facebook Comments