اتوار 19 مئی 2024

حمزہ علی عباسی، عاطف اسلم کیلئے دعاگو

حمزہ علی عباسی، عاطف اسلم کیلئے دعاگو

پاکستان فلم و ٹی وی انڈسٹری کے معروف اداکار حمزہ علی عباسی نے عالمی شہرت یافتہ گلوکار عاطف اسلم کی خانہ کعبہ میں اذان دینے کی خواہش پوری ہونے کے لیے دُعا کی ہے۔

حال ہی میں عاطف اسلم نے جیو نیوز کے پروگرام ’کیپیٹل ٹاک‘ میں میزبان حامد میر کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے بتایا تھا کہ وہ خانہ کعبہ میں اذان دینے کی خواہش رکھتے ہیں۔

گلوکار کی اِس خواہش کے لیے دُعا کرتے ہوئے حمزہ علی عباسی نے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر اپنا پیغام جاری کیا ہے۔

ٹوئٹر پر جاری کردہ اپنے پیغام میں حمزہ علی عباسی نے کہا کہ ’میرے بھائی خانہ کعبہ میں اذان دینے کی تمہاری خواہش کو اللّہ تعالیٰ ضرور پورا کرے آمین۔‘

یاد رہے کہ اپنی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے عاطف اسلم کا کہنا تھا کہ جو شخص بھی خانہ کعبہ میں اذان دینے کے لیے اُن کی سفارش کرے گا تو وہ اس شخص کے لیے ساری زندگی کام کرنے کے لیے تیار ہوجائیں گے۔

ایک سوال کے جواب میں عاطف اسلم کا کہنا تھا کہ وہ گلوکاری کو خیرباد نہیں کہہ رہے بلکہ وہ دین اور دنیا کو ایک ساتھ لے کر چلنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ رمضان المبارک کے مہینے میں عاطف اسلم نے اپنی سحر انگیز آواز میں اللّہ تعالیٰ کے 99 نام ’اسماءالحسنیٰ‘ پڑھ کر تمام مسلمانوں کے دِل جیت لیے تھے۔

اس سے قبل عاطف اسلم نے اپنی خوبصورت آواز میں اذان دی تھی جس نے ناصرف مسلمانوں پر بلکہ غیر مسلم مداحوں پر بھی اپنی رقت طاری جاری کردی تھی۔

Facebook Comments