اتوار 19 مئی 2024

آرٹسٹ ویلفیئر فنڈ کے لیے ایک ارب مختص، تفریح کیلئے بھی فنڈز جاری

آرٹسٹ ویلفیئر فنڈ کے لیے ایک ارب مختص، تفریح کیلئے بھی فنڈز جاری

وفاقی حکومت نے 12 جون کو 71 کھرب 36 ارب روپے ٹیکس فری بجٹ پیش کیا، جس پر ماہرین اور عوام نے ملے جلے رد عمل کا اظہار کیا ہے۔

بجٹ21-2020 کو وزیر صنعت و پیداوار حماد اظہر نے پیش کیا، اس دوران اپوزیشن کی جماعتوں نے احتجاج بھی جاری رکھا۔

حکومت نے جہاں رواں سال بجٹ میں دفاع، تعلیم اور صحت سمیت دیگر اہم شعبوں کے بجٹ میں اضافہ کیا ہے، وہیں حکومت نے فنکاروں کی فلاح و بہبود کے لیے مختص فنڈز میں بھی تین گنا اضافہ کردیا۔

حکومت نے رواں مالی سال کے لیے فنکاروں کی فلاح و بہبود اور ان کی مالی مدد کے لیے فنڈز کو 25 کروڑ روپے سے بڑھا کر ایک ارب روپے تک کردیا

بجٹ پیش کرتے وقت وفاقی وزیر حماد اظہر نے بتایا کہ صدر مملکت عارف علوی کی خصوصی ہدایت پر آرٹسٹ ویلفیئر فنڈ کا بجٹ بڑھا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ فنکار ہمارے ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں، ان کی مالی امداد اور فلاح و بہبود کے لیے صدر پاکستان کی ہدایت پر حکومت نے آرٹسٹ ویلفیئر فنڈ کی رقم 25 کروڑ روپے سے بڑھا کر ایک ارب روپے کردی ہے۔

حکومت نے فنکاروں کی فلاح و بہبود کے بجٹ کو بڑھانے سمیت تفریح، ثقافت اور مذہبی امور کے لیے بھی 9 ارب 82 کروڑ 20 لاکھ روپے کا بجٹ بھی مختص کیا ہے۔

تفریح، ثقافت اور مذہبی امور کے لیے جاری کیے بجٹ میں سے 7 ارب 50 کروڑ تک کا بجٹ نشر و اشاعت کے شعبے کے لیے مختص کیا گیا ہے جب کہ مذہبی معاملات کے لیے بھی ایک ارب روپے سے زائد کا بجٹ تجویز کیا گیا ہے۔

اسی طرح تفریح و ثقافت کے انتظامات اور معلومات کو عام کرنے کے لیے بھی 45 کروڑ 30 لاکھ روپے کا بجٹ مختص کیا گیا ہے۔

علاوہ ازیں حکومت نے اصلاحاتی پروگرامز کے خصوصی فنڈز کے قیام کا اعلان بھی کیا۔

خصوصی اصلاحاتی فنڈز کے حوالے سے حماد اظہر نے بتایا کہ مختلف اصلاحاتی پروگرامز کے لیے خصوصی فنڈز کا قیام کیا گیا ہے جن میں پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے لیے وائبلیٹی گیپ فنڈ کے لیے 10 کروڑ روپے، ٹیکنالوجی اپ گریڈیشن فنڈ کے لیے 40 کروڑ روپے اور پاکستان انوویشن فنڈ کے لیے 10 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔

Facebook Comments