اتوار 19 مئی 2024

معروف نغمہ نگار شکیل سہیل انتقال کرگئے

معروف نغمہ نگار شکیل سہیل انتقال کرگئے

پاکستان میوزک انڈسٹری کے معروف نغمہ نگار شکیل سہیل دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگئے ہیں۔

عاطف اسلم سمیت دیگر نامور گلوکاروں کے لیے متعدد نغمے لکھنے والے 55 سالہ شکیل سہیل دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگئے ہیں جس کی اطلاع اُن کے بھتیجے شلوم سرفراز نے دی۔

مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر گلوکار شلوم سرفراز نے عاطف اسلم کے ہمراہ اپنے چچا شکیل سہیل کی یادگار تصویر شیئر کی۔

ٹوئٹر پر تصویر شیئر کرتے ہوئے شلوم سرفراز نے شکیل سہیل کے چاہنے والوں کو اُن کے انتقال کی خبر سے آگاہ کرتے ہوئے لکھا کہ ’میرےچچا اچانک دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگئے ہیں۔‘

شلوم سرفراز نے شکیل سہیل کی موت کو پاکستان میوزک انڈسٹری کے لیے ایک بہت بڑا نقصان قرار دیا ہے۔

نغمہ نگار کے انتقال پر پاکستان فلم و ٹی وی انڈسٹری کی معروف اداکارہ ماہرہ خان نے بھی شدید افسوس کا اظہار کیا ہے۔

یاد رہے کہ شکیل سہیل نے کئی ابھرتے ہوئے نئے گلوکاروں کے لیے بھی گانے لکھے ہیں اور اُنہوں نے ڈراموں کے ساتھ ساتھ فلموں کے لیے بھی گانے تحریر کیے۔

شکیل سہیل نے ماہرہ خان کی فلم ’سپر اسٹار‘ کا مشہور گانا ’غلط فہمی‘ اور فلم ’پرواز ہے جنون‘ کا گانا ’تھام لو‘ بھی لکھا۔

اس کے علاوہ شکیل سہیل نے بہت سی کمپنیز کے اشتہار کے لیے بھی خصوصی نغمے لکھے ہیں، سُننے والے اُن کے تحریر کیے گئے نغموں کو بےحد پسند کرتے ہیں۔

Facebook Comments