اتوار 19 مئی 2024

شیراز اُپل اور آئمہ بیگ کا شکیل سہیل کے انتقال پر اظہار تعزیت

شیراز اُپل اور آئمہ بیگ کا شکیل سہیل کے انتقال پر اظہار تعزیت

پاکستان میوزک انڈسٹری کے معروف نغمہ نگار شکیل سہیل کے انتقال پر گلوکار شیراز اُپل اور گلوکارہ آئمہ بیگ کی جانب سے شدید افسوس کا اظہار کیا گیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بُک پر شیراز اُپل نے شکیل سہیل کے انتقال پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے لکھا کہ ’ایسا لگ رہا ہے کہ میں ایک بار پھر سے تنہا رہ گیا ہوں۔‘

شیراز اُپل نے لکھا کہ ’میرا سب سے اچھا دوست، بہترین انسان اور ایک اعلیٰ نغمہ نگار دل کا دورہ پڑنے کی وجہ سے اِس دُنیا سے کوچ کرگیا ہے۔‘

گلوکار نے لکھا کہ ’میں گزشتہ 25 سالوں سے شکیل سہیل کے ساتھ تھا، میوزک انڈسڑی میں اپنے کیریئر کا آغاز بھی اُن کے ساتھ ہی کیا تھا اور میں جس بھی راستے گیا ہمیشہ شکیل صاحب کو اپنے ساتھ ہی پایا۔‘

معروف نغمہ نگار شکیل سہیل انتقال کرگئے

اُنہوں نے لکھا کہ ’مجھے ایسا محسوس ہو رہا ہے کہ جیسے میرے جسم کا ایک حصہ مجھ سے جدا ہوگیا ہے۔‘

آخر میں اُنہوں نے شکیل سہیل کی دُعائے مغفرت کے لیے بھی اپیل کی۔

دوسری جانب معروف گلوکارہ آئمہ بیگ نے فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر نغمہ نگار کی تصویر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’شکیل سہیل نے حال ہی میں میرا آخری گانا لکھا تھا اور میں اُن کے انتقال کی خبر سُن کر ایک گہرے صدمے میں ہوں کیونکہ چند ہفتے پہلے ہی میری اُن سے ملاقات ہوئی تھی اور وہ بالکل ٹھیک تھے۔‘

آئمہ بیگ نے لکھا کہ ’میں یہ سوچ کر اُداس ہوں کہ اب شکیل سہیل جیسا خوش مزاج اور ہونہار شخص میرے ساتھ نہیں ہوگا۔‘

گلوکارہ نے لکھا کہ ’شکیل سہیل نے اپنی زندگی میں اہلِ دل، کالا باز دل اور بے فکریاں جیسے متعدد ہٹ گانے لکھے تھے۔‘

اُنہوں نے لکھا کہ ’شکیل سہیل سے میری پہلی ملاقات شیراز اُپل کے اسٹوڈیو میں ہوئی تھی۔‘

آئمہ بیگ نے مزید لکھا کہ ’شکیل سہیل ہمیشہ ہمارے دلوں میں زندہ رہیں گے۔‘

یاد رہے کہ پاکستان میوزک انڈسٹری کے معروف نغمہ نگار شکیل سہیل 55 سال کی عمر میں دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگئے ہیں۔

Facebook Comments