پیر 20 مئی 2024

شاہد آفریدی سے نفرت کا اظہار کرنے والے بھارتیوں پر آکاش چوپڑا برہم

شاہد آفریدی سے نفرت کا اظہار کرنے والے بھارتیوں پر آکاش چوپڑا برہم

عالمگیر وبا کورونا کا شکار پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کی صحت کے حوالے سے نفرت انگیز جملے اور تبصرے شیئر کرنے والے بھارتیوں پر سابق بھارتی اوپننگ بیٹسمین آکاش چوپڑا نے اظہار برہمی کیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جہاں دنیا بھر کی معروف شخصیات شاہد آفریدی کی جلد صحتیابی کے حوالے سے دعا گو ہیں وہیں بھارتی صارفین اپنی نفرت انگیزی کو یہاں بھی استعمال کرتے نظر آئے۔

بھارتی سوشل میڈیا صارفین نے اخلاقیات کو پس پشت ڈال کر شاہد آفریدی کے ٹوئٹ پر رد عمل دیا، صارفین شاہد آفریدی کے کورونا میں مبتلا ہونے کی خبر کو خوش کن قرار دے رہے تھے تو کچھ صارفین کا کہنا تھا کہ اب آفریدی کو اپنی جان بچانے کیلئے بھارت سے وینٹیلٹرز منگوانے پڑیں گے۔

متعصب بھارتی صارفین یہ بھی کہتے دکھائی دیئے کہ کورونا ہی شاہد آفریدی کو ان کے کئے کی سزا دے سکتا ہے اور سبق سکھا سکتا ہے۔

بھارت کے سابق کرکٹر آکاش چوپڑا نے اپنے تصدیق شدہ اکاؤنٹ سے ایک ویڈیو کا اسکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے تعصب پسند بھارتیوں کو جواب دیا اور بھارتیوں کے اس ردعمل پر افسردگی کا اظہار کیا۔

انہوں نے لکھا کہ کیا واقعی ہم سنجیدہ ہیں، کیا نزاکت اور انسانیت ماضی کی چیزیں ہوچکی ہیں؟

آکاش چوپڑا کے اس ٹوئٹ سے اندازہ ہوتا ہے کہ بھارتیوں کے ایسے رویے پر وہ خود بھی شرمندہ ہیں۔

انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں شاہد آفریدی کی جلد صحتیابی کیلئے دعا بھی کی۔

سابق بھارتی کرکٹر گوتم گھمبیر نے بھی تمام متنازع بیانات کو نظر انداز کرتے ہوئے اپنے ایک انٹرویو میں شاہد آفری کی جلد صحتیابی اور مستقبل میں فلاحی کاموں کے حوالے سے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔

Facebook Comments