اتوار 19 مئی 2024

وفاقی حکومت غیر سنجیدہ فیصلے کر رہی ہے، مرتضیٰ وہاب

وفاقی حکومت غیر سنجیدہ فیصلے کر رہی ہے، مرتضیٰ وہاب

ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ اس مشکل ترین وقت میں بھی وفاقی حکومت غیر سنجیدہ فیصلے کر رہی ہے، لگتا ہے وفاقی حکومت کورونا سے نہیں بلکہ سندھ حکومت سے لڑنا چاہتی ہے، کورونا وائرس کے حوالے سے وفاقی حکومت نے عوام کو ان کے حال پر چھوڑ دیا ہے لہٰذا عوام اپنی اور اپنے اہل خانہ کی حفاظت خود کریں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز سندھ اسمبلی آڈیٹوریم میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا

بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ ایک بار پھر وفاق کا سندھ کے تین بڑے اسپتالوں کا کنٹرول سنبھالنے کا فیصلہ کیا ہے جو سمجھ سے بالا تر ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ اسمبلی نے ایک اہم سنگ میل عبور کیا ہے کورونا وباء کے دوران ہم عوام کو تلقین کررہے ہیں کہ فیزیکل فاصلہ رکھیں اور احتیاط کریں جس کے بعد سندھ اسمبلی نے آن لائن سیشن کا آغاز کردیا ہے، اس ضمن میں سندھ اسمبلی کے قواعد و ضوابط میں ترمیم کی گئی ہے یہ ایک اہم پیش رفت ہے اور عوام کے تمام منتخب نمائندوں نے ان قواعد و ضوابط میں ترمیم کو متفقہ طور پر منظور کیا ہے اب ارکان گھروں سے بیٹھ کر آئینی زمہ داری پوری کرسکتے ہیں۔

بیرسٹر مرتضی وہاب کا کہنا تھا کہ سندھ اسمبلی کے کورونا کے حوالے سے تین آرڈیننسز کی بھی منظوری دے دی ہے، اب یہ ایکٹ کے طور پر نافذ ہونگے ایک آرڈیننس میں معمولی ترمیم کی کہ پیرا میڈیکس سمیت ڈاکٹروں کو کوئی ہراساں نہ کرسکے۔ گورنر سندھ کو تینوں ایکٹ منظوری کے لئے بھجوائے جائینگے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کراچی کے تین بڑے سرکاری اسپتال جو سپریم کورٹ کے ایک فیصلے کے بعد وفاق کو منتقل ہونا تھے، عدالت عظمیٰ نے جو لوازمات وفاقی حکومت کو ان تینوں اسپتالوں کو سنھبالنے کے لئے ہدایت کی تھی وہ ابھی تک وفاقی حکومت پوری نہیں کرسکی۔ اس کی کئی وجوہات ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے این آئی سی وی ڈی کے سیٹلائٹ سینٹرز اور چیسٹ پین یونٹ قائم کئے ہیں کراچی کے بارہ مختلف ایریاز میں یہ یونٹس قائم کئے لاکھوں کی تعداد میں لوگ فیضیاب ہورہے ہیں اس کے علاوہ وہ جناح اسپتال جو کبھی بُری حالت میں تھا اب الحمدللّٰہ لوگ سائیبر نائف جیسی سہولت سے مفت علاج کروارہے ہیں اس سہولت سے لوگ باہر سے یہاں علاج کے لئے آتے ہیں کچھ لوگ ہمارا اس ضمن میں مزاق اُڑاتے ہیں دنیا میں سائیبر نائف کے تحت مہنگا ترین علاج ہے ہمارے ہاں وہ مفت کیا جاتا ہے ہمارے لئے بحیثیت پاکستانی یہ فخر کی بات ہے ان تینوں اسپتالوں کا بجٹ ایک ارب ہوا کرتا تھا وہ سندھ حکومت نے بڑھا کر سولہ سے سترہ ارب روپے کیا ہے تاکہ لوگوں کو انکے شہروں کے قریب ترین علاج کی سہولت میسر ہوسکے۔

ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر مرتضی وہاب کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت نے تاحال ایک خط بھی سندھ حکومت کو نہیں لکھا جس میں اخراجات کے بارے میں پوچھا ہو۔ 2019 میں وفاقی حکومت نے لکھا کہ ہم مالی مشکلات کے باعث ان اسپتالوں کا کنٹرول نہیں سنبھال سکتے اب جبکہ کہتے ہیں کہ معاشی مشکلات ہیں اور ہفتے کے روز ایک خط لکھ دیا کہ ان اسپتالوں کا کنٹرول وفاق سنھبالے گا لگتا ہے کہ وفاقی حکومت کورونا سے نہیں بلکہ سندھ حکومت سے لڑنا چاہتی ہے اس وقت ہماری ترجیح صرف کورونا ہونا چاہئیے ایک ایسے وقت میں جب کورونا وباء عروج پر ہے سہولتیں بہتر کرنے کے بجائے صوبائی معاملات میں دخل اندازی کی جارہی ہے۔

بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ آپ کو تو سندھ حکومت کا ساتھ دینا چاہئے اُلٹا آپ مداخلت کررہے ہیں روڑے اٹکا رہے ہیں میں پاکستان کی عوام کی طرف سے کہتا ہوں یہ وقت لینے کا نہیں بلکہ دینے کا ہے ہم بار بار ملکر کام کرنے کا کہتے رہے مگر آپ اسکے برعکس کام کررہے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عوم کو کنفیوژن کا شکار کرنے کے لئے اسمارٹ اور سلیکٹیو لاک ڈاؤن کی اصطلاح استعمال کی جارہی ہے کیسا بھی لاک ڈاؤن ہو وفاقی حکومت ایکشن لے ہم ساتھ کھڑے ہونگے، وزیراعظم کو ایک قومی بیانیہ اس ضمن میں دینا ہوگا تاکہ اس وباء پر قابو پایا جائے۔

انہوں نے کہا ک عوام سے بھی اپیل کرنا چاہوں گا کہ وفاقی حکومت نے آپ کو آپکے حال پر چھوڑ دیا ہے آپ کو اپنی اور اپنے اہل خانہ کی حفاظت خود کرنا ہوگی۔ بیمار اور بزرگ گھروں سے نہ نکلیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ لوگ ماسک پہنیں سندھ حکومت ماسک تقسیم کرنے کے لئے تیار ہے مگر ہم مجمع لگانا نہیں چاہتے، گورنر سندھ اگر ماسک تقسیم کررہے ہیں تو یہ انکا اپنا فیصلہ ہے لیکن ہجوم لگانے اور میڈیا اسٹنٹ سے گریز کرنا چاہئے۔

مرتضیٰ وہاب نے مزید کہا کہ سندھ میں بڑی تعداد میں کورونا کے مریض صحتیاب ہورہے ہیں وہ دوسرے کورونا کے مریضوں کی جانیں بچانے کے لئے پلازمہ عطیہ کریں۔

Facebook Comments