اتوار 05 مئی 2024

جیو نیوز کے صحافی ولی خان بابر کا قاتل گرفتار

جیو نیوز کے صحافی ولی خان بابر کا قاتل گرفتار

جیو نیو ز کے صحافی ولی خان بابر کے قاتل کو گرفتار کر لیا گیا، کامران عرف ذیشان شانی کو مشترکہ کارروائی میں گرفتار کیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ذیشان عرف شانی نے ولی بابر پر فائرنگ کی تھی، ملزم ولی بابر قتل کیس میں مفرور تھا۔

ذیشان کو خصوصی عدالت نے مارچ 2014 میں مفروری میں سزائے موت سنائی تھی، ذیشان کے ساتھ فیصل موٹا کو بھی مفروری میں سزائے موت سنائی گئی تھی، فیصل موٹا 11 مارچ 2015 کو نائن زیرو پر چھاپے کے دوران گرفتار ہوا تھا۔

ذیشان شانی کی گرفتاری کا اعلان کراچی پولیس چیف آج پریس کانفرنس میں کریں گے۔

جیو نیوز کے رپورٹر ولی بابر کو 13 جنوری 2011 کو شہید کیا گیا تھا، ولی بابر کو دفتر سے واپس گھر جاتے ہوئے لیاقت آباد میں نشانہ بنایا گیا۔

مارچ 2014 میں خصوصی عدالت نے دیگر 4 ملزمان کو عمر قید کی سزا سنائی تھی، ملزمان میں علی رضوی، شاہ رخ، نوید عرف پولکا اور فیصل محمود شامل ہیں۔

Facebook Comments