اتوار 19 مئی 2024

کراچی: تین کمسن بہن بھائی پراسرار طور پر جاں بحق

کراچی: تین کمسن بہن بھائی پراسرار طور پر جاں بحق

کراچی: کھارادر کے علاقے میں ایک ہی گھر کے 3 بچے پر اسرار طور  پر انتقال کرگئے۔ 

ذرائع کے مطابق کھارادر میں ایک ہی گھر کے 3 بچوں کی ہلاکت معمہ بن گئی ہے جہاں  زہر خورانی کی اطلاع پر گزشتہ رات 3 سگے بہن بھائیوں کو اسپتال لے جایا گیا جن کی عمر یں 11، 8 اور 2 سال ہیں۔

قومی ادارہ برائے اطفال کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر جمال رضا کے مطابق 11 سالہ بچی کو  مردہ حالت میں اسپتال لایا گیا جب کہ لواحقین پوسٹ مارٹم کرانے کے لیے بھی تیار نہ تھے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ 3 بچوں کی ایک ساتھ ہلاکت معمولی بات نہیں، جاں بحق بچوں میں 11 سال کی عائزہ، 8 سال کا سعد اور 2 سال کی صفہ شامل ہیں۔

لواحقین کے ابتدائی بیان کے مطابق برنس روڈ سے بچوں کو گزشتہ روز برگر کھلایا تھا اور گھرپر بھی کھانا پکایا گیا تھا۔

پولیس کے مطابق رات کو گھر میں کیڑے مار دوا کا اسپرے ہونے کی بھی اطلاعات ہیں لیکن لواحقین نے اب تک اسپرے کرنے کی تصدیق نہیں کی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ گھر میں کیا گیا اسپرے بھی ممکنہ طور پر بچوں کی موت کی وجہ ہوسکتا ہے۔

بچوں کے داداکا ابتدائی بیان قلمبند کیا گیا ہے  اور بچوں کے والد کے کوئٹہ سے آنے کے بعد میتوں کی تدفین میوہ شاہ قبرستان میں کردی گئی  جب کہ واقعے سے متعلق اہلخانہ نے میڈیا کو موقف دینے سے انکار کردیا ہے۔

Facebook Comments