ھفتہ 18 مئی 2024

شہباز شریف کا کورونا سے اموات میں اضافے پر اظہار افسوس

شہباز شریف کا کورونا سے اموات میں اضافے پر اظہار افسوس

مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کورونا سے اموات اور متاثرین کی تعداد میں اضافے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

شہباز شریف نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ حالت انکار، غلط اندازوں پر اصرار کے بجائے مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس بلایا جائے۔ ‎ڈاکٹرز، انتظامیہ، سیاسی و عسکری ذمہ داران حالات کا جائزہ لیں اور مشترکہ حکمت عملی بنائیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت دوسروں کو کوسنے کے بجائے انتظامی اور اشتراک عمل کی کمزوریاں دور کرے، آبادی کا تحفظ حکومت سمیت ہم سب کی بنیادی ذمہ داری ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ عوام کی جان بچانا ہی ہماری اولین ترجیح ہونا چاہیے، بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں سے اضافی رقوم کی وصولی کا سلسلہ بند کرایا جائے، سمندر پار پاکستانیوں کی وزارت کی سمندر پار پاکستانیوں کو لوٹنے کی شکایات عام ہیں۔

اُن کا کہنا ہے کہ وزارت خارجہ، سمندر پار پاکستانیوں کی وزارتیں بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کو واپس لانے میں ناکام ہوئیں، بیرون ملک پاکستانیوں کی شکایات اور ان کی واپسی سے متعلق پارلیمانی کمیٹی بنائی جائے۔

اس کے علاوہ شہبازشریف نے کہا کہ زیادہ سفری اخراجات لینے والوں کے خلاف کارروائی کی جائےاور ٹریول ایجنٹس کے لائسنس منسوخ کیے جائیں۔

Facebook Comments