اتوار 19 مئی 2024

کراچی،ڈاکوؤں نےفوڈ ڈلیوری بوائےکو گلےلگا لیا

کراچی،ڈاکوؤں نےفوڈ ڈلیوری بوائےکو گلےلگا لیا

پاکستان میں اسٹریٹ کرائم اور ڈکیتی کی وارداتوں میں بہت کم ایسا دیکھا گیا ہے کہ ملزمان اپنے ٹارگٹ سے کسی طور پر متاثر ہوئے ہوں اور اسے لوٹا گیا سامان واپس کیا ہو لیکن سوشل میڈیا پر کراچی کے حوالے سے اسٹریٹ کرائم کی ایک واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج کافی وائرل ہورہی ہے جسے دیکھنے والے شہری اسٹریٹ کرمنلز کے ہمدردانہ رویے سے بہت متاثر ہورہے ہیں۔

سی سی ٹی وی فوٹیج میں فوڈ ڈیلیوری بوائے کو گلی میں واردات میں لُٹتے دیکھا جا سکتا ہے۔ ڈیلیوری بوائے گاہک سے پیسے لے کر جیسے ہی موٹر سائیکل کی طرف آتا ہے تو موٹر سائیکل پر سوار 2 ملزمان پہنچ کر اسے گن پوائنٹ پر لے لیتے ہیں۔

ایک ملزم رائڈر نوجوان سے نقد رقم، موبائل فون اور دیگر چیزیں چھین لیتا ہے۔ فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اس دوران فوڈ ڈیلیوری رائیڈر نے ملزمان کو کچھ کہا اور رونے لگ گیا۔

اس دوران نوجوان سے لوٹ مار کرنے والے ملزم نے چھینی ہوئی تمام چیزیں رائیڈر کو واپس کردیں اور اسے گلے لگا لیا۔ موٹر سائیکل چلانے والا ملزم بھی رائیڈر سے ہاتھ ملاتا ہے اور ملزمان جاتےجاتے فوڈ ڈیلیوری بوائے سے پھر ہاتھ ملاتے ہیں اور اس کے ساتھ ہی اس کے کندھے پر ہاتھ رکھ کر تھپتھپاتے ہیں۔

ملزمان کے جانے کے بعد بھی رائیڈر روتا رہا۔ سوشل میڈیا پر انسانیت کے نام سے ویڈیو وائرل ہورہی ہے۔

پولیس حکام کے مطابق یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ یہ ویڈیو کراچی کی ہے تو شہر کے کس تھانے کی حدود کی ہے۔

Facebook Comments