اتوار 19 مئی 2024

پی پی کے بعد نون لیگی قیادت جلد انجام کو پہنچنے والی ہے: شہباز گِل

پی پی کے بعد نون لیگی قیادت جلد انجام کو پہنچنے والی ہے: شہباز گِل

وزیرِ اعظم عمران خان کے معاونِ خصوصی ڈاکٹر شہباز گِل کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی کے بعد نون لیگ کی کرپٹ قیادت بھی جلد اسی انجام کو پہنچنے والی ہے۔

وزیرِ اعظم عمران خان کے معاونِ خصوصی شہباز گِل کا آگسٹا آبدوز اسکینڈل میں فرانسیسی عدالت کے فیصلے پر ردِ عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہنا ہے کہ فرانسیسی عدالت نے اپنے سرکاری حکام کو زرداری گروپ کو اربوں کمیشن دینے کا مجرم قرار دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ فرانسیسی عدالت نے الزام ثابت ہونے پر 3 سابقہ حکومتی عہدے داروں کو جیل کی سزا سنائی، یہ اسی دور کا کیس ہے جب محترمہ بینظیر بھٹو وزیرِ اعظم تھیں۔

کوئی شہباز شریف کو بتائے صحت کا بجٹ انکے دور سے دگنا ہوچکا، شہباز گل

شہباز گِل نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور نون لیگ کے درمیان میثاقِ کرپشن کے باعث یہ کیس منطقی انجام کو نہ پہنچا، فرانسیسی فیصلے نے اس بات کی توثیق کر دی ہے کہ پاکستان میں سابقہ ادوار میں کرپشن کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ سوئس اکاؤنٹس، سرے محل کیسز پیپلز پارٹی اور نون لیگ کے مک مکا کی وجہ سے انجام کو نہ پہنچ سکے، ان کیسز میں مک مکا کی وجہ سے شواہد ضائع کیے گئے۔

وزیرِ اعظم کے معاونِ خصوصی نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور نون لیگ نے ایک دوسرے کی کرپشن بچانے میں مدد کی، یہی کارنامے جانتے ہوئے شاید بلاول صاحب فرزندِ زرداری کہلوانے پر برا مان جاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کرپشن کے کیسز میں سزا پر یہ خلائی مخلوق اور سلیکٹرز کی گردان شروع کر دیتے ہیں، کیا زرداری گروپ اس سزا کے خلاف فرانسیسی عدالتوں میں اپیل دائر کریں گے؟

ڈاکٹر شہباز گِل کا مزید کہنا ہے کہ اس پیش رفت کو بھی پاکستان میں زیرِ سماعت کرپشن کیسز کا حصہ بنانے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کی بدنامی کا باعث بننے پر زرداری گروپ کے خلاف الگ سے کارروائی ہونی چاہیے، وہ دن دور نہیں جب پیپلز پارٹی کی کرپشن پارٹنر نون لیگ بھی انجام کو پہنچے گی۔

Facebook Comments