بدہ 05 اگست 2020

ملک میں کورونا کے مزید 3 ہزار 300سے زائد نئےکیسز رپورٹ

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے نئے 3 ہزار 344کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ مزید 50کورونا مریض موت کے منہ میں چلے گئے۔

پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 2 لاکھ 31 ہزار 818ہو چکی ہے، جبکہ اس موذی وباء سے جاں بحق افراد کی کُل تعداد 4 ہزار 762 تک جا پہنچی ہے۔

کورونا وائرس کے ملک میں 93 ہزار 932 مریض اب بھی اسپتالوں، قرنطینہ مراکز اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں، جبکہ 1 لاکھ 31 ہزار سے زائد مریض اس بیماری سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔

سندھ میں کورونا کے مریضوں کی تعداد دوسرے صوبوں سے زیادہ 94 ہزار 528ہو چکی ہے، جبکہ 1 ہزار 526 کورونا مریض جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

پنجاب میں کورونا وائرس کے اب تک 81 ہزار 317 مریض سامنے آئے ہیں جبکہ اس سے ہلاکتیں دیگر صوبوں سے زیادہ 1 ہزار 871 ہو گئیں۔

خیبر پختون خوا میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 28ہزار 116 ہو چکی ہے جبکہ اس سے اموات 1 ہزار 28 ہو گئیں۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 13 ہزار 409 کورونا وائرس سے متاثرہ مریض اب تک سامنے آئے ہیں جبکہ 134 افراد اس وباء سے جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

کورونا وائرس کے بلوچستان میں 10 ہزار 814مریض اب تک رپورٹ ہوئے ہیں جہاں 123 افراد اس مرض سے انتقال کر چکے ہیں۔

گلگت بلتستان میں 1 ہزار 545 کورونا وائرس کے مریض سامنے آئے ہیں جبکہ اس سے 28 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔

آزاد جموں و کشمیر میں کورونا کے اب تک 1 ہزار 288 مریض رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ اس وائرس سے 35 مریض وفات پا چکے ہیں۔

واضح رہے کہ ملک بھر کے اسپتالوں میں کورونا وینٹی لیٹرز کی تعداد 1 ہزار 562 ہے، جن میں سے 467 وینٹی لیٹرز پر کورونا مریض ہیں، جبکہ گلگت بلتستان میں کورونا کا کوئی مریض وینٹی لیٹر پر نہیں ہے۔