اتوار 19 مئی 2024

عثمان مختار کی فلم نے امریکا میں بہترین فلم کا ایوارڈ جیت لیا

عثمان مختار کی فلم نے امریکا میں بہترین فلم کا ایوارڈ جیت لیا

اداکار عثمان مختار کی شارٹ فلم ’بینچ‘ نے ساؤتھ شور فلم فیسٹیول نیو یارک میں بہترین شارٹ فلم کا ایوارڈ جیت لیا، اس حوالے سے اداکار نے سوشل میڈیا پر اپنے مداحوں کے لیے ایک محبت بھرا پیغام جاری کیا ہے۔

فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر عثمان مختار نے اپنی شاٹ فلم ’بینچ‘ کا پوسٹر جاری کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا کہ ’اپنی خوشی کو آپ سب کے ساتھ بیان کرنے کے لیے میرے پاس الفاظ نہیں ہیں، یہ سب فلم سے منسلک ہر شخص کی محنت اور لگن کی وجہ سےممکن ہوا ہے۔‘

عثمان مختار نے لکھا کہ ’یہ ہماری پہلی جیت ہے اس لیے میں کافی جذباتی ہوگیا ہوں، جہاں تک مجھے یاد ہے میں فلم میکر بننا چاہتا تھا، میں نے وی ایچ ایس کیمروں سے اپنے کیرئیر کی شروعات کی تھی اور آج میں یہاں کھڑا ہوں۔‘

اداکار نے لکھا کہ ’اس ایوارڈ کو جیتے کے بعد مجھے ایسا محسوس ہورہا ہے کہ میں اپنی زندگی میں جن مشکل حالات سے گزرا ہوں وہ بے معنی نہیں تھے۔‘

انسٹاگرام پر جاری کردہ اپنی پوسٹ میں عثمان مختار نے لکھا کہ ’اُن تمام لوگوں کا بے حد شکریہ جنہوں نے ہمیں سپورٹ کیا، مجھ سے انتظار نہیں ہورہا، میں جلد از جلد آپ سب کے ساتھ اپنی فلم شیئر کرنا چاہتا ہوں۔ ‘

آخر میں انہوں نے مزید لکھا کہ ’آپ سب کی دعاؤں ساتھ ہیں تو ایسی بہت سی کامیابیاں مستقبل میں بھی مل سکتی ہیں۔‘

عثمان مختار نے اپنی فلم کی ساتھی اداکارہ ’ربیعہ چوہدری‘ کو خصوصی مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ رابعہ ہماری فلم کی ’دل کی ڈھرکن‘ ہیں۔

Facebook Comments