اتوار 19 مئی 2024

ایشوریا رائے اور جیا بچن کا کورونا ٹیسٹ منفی آگیا

ایشوریا رائے اور جیا بچن کا کورونا ٹیسٹ منفی آگیا

گزشتہ روزیہ خبر سامنے آئی تھی کہ بالی ووڈ ورسٹائل اداکار امیتابھ بچن اور اُن کے بیٹے ابھیشیک بچن کورونا وائرس کا شکار ہوگئے ہیں جس کے بعد اُن دونوں کو ممبئی کے ناناوتی اسپتال کے آئسولیشن وارڈ میں قرنطینہ کردیا گیا ہے۔

امیتابھ بچن اور ابھیشیک بچن کے کورونا ٹیسٹ کے بعد اُن کے اہل خانہ کا بھی کورونا ٹیسٹ کیا گیا جس کی رپورٹس کل رات آئی ہیں، بھارتی میڈیا کے مطابق ممبئی کے میئر کشور پیڈنیکر نے میڈیا کو بتایا کہ ایشوریا رائے بچن اور جیا بچن کے کورونا ٹیسٹ کے نتائج منفی آئے ہیں۔

میئر ممبئی نے بتایا کہ دونوں اداکاراؤں کے کورونا ٹیسٹ منفی آنے کے باوجود بھی دونوں کو گھر ہی میں 14 دن کے لیے قرنطینہ کردیا گیا ہے اور قرنطینہ مکمل ہونے کے بعد ایشوریا رائے بچن اور جیا بچن کا ایک بار پھر سے کورونا ٹیسٹ کیا جائے گا۔

اُنہوں نے مزید بتایا کہ امیتابھ بچن کی رہائش گاہ کو سیل کردیا گیا ہے اور اس دوران کسی کو گھر سے باہر اور اندر جانے کی اجازت نہیں ہوگی جبکہ صرف اشیائے ضرورت فراہم کرنے کی اجازت ہوگی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز امیتابھ بچن نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے کورونا مثبت آنے سے متعلق آگاہ کیاتھا ، اُنہوں نے بتایا تھا کہ اُن کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے اور اُنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جبکہ اس حوالے سے متعلق حکام کو بھی آگاہ کردیا گیا ہے۔

دوسری جانب ابھیشیک بچن نے بھی اپنے ٹوئٹر پیغام میں بتایا کہ اُن کا اور اُن کے والد امیتابھ بچن کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے۔

انہوں نے اپنے چاہنے والوں اور دیگر افراد سے درخواست کی کہ وہ تمام افراد جو گزشتہ 10 دن کے دوران ان کے قریب رہے، وہ تمام افراد بھی اپنے ٹیسٹ کرالیں۔

Facebook Comments