جمعرات 16 مئی 2024

جرمنی آنے والوں کا کورونا ٹیسٹ لازمی، میلبرن میں لاک ڈاؤن سخت

جرمنی آنے والوں کا کورونا ٹیسٹ لازمی، میلبرن میں لاک ڈاؤن سخت

دنیا کے کئی ممالک میں کورونا وائرس کے حوالے سے صورتحال بہتر ہو رہی ہے لیکن اب بھی بہت سارے ممالک اس کی لپیٹ میں ہیں۔ دنیا میں متاثرین کی کُل تعداد ایک کروڑ 88 لاکھ سے بڑھ چکی ہے اور اموات سات لاکھ آٹھ ہزار سے زائد ہو چکی ہیں۔

خبررساں ادارے روئٹرز کے مطابق جرمنی کے وزیر صحت جینز سپاہن نے کیسز کی تعداد میں اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سنیچر سے جرمنی واپس لوٹنے والے افراد کا کورونا ٹیسٹ لازمی ہوگا۔

جرمنی میں مئی کے بعد ریکارڈ ایک ہزار کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ وزیر صحت نے کورونا کیسز میں اضافے کا ذمہ دار جرمنی میں واپس آنے والے مسافروں اور ان لوگوں کو قرار دیا جو سماجی فاصلے کی پابندی نہیں کر رہے ہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ٹیسٹوں کی زیادہ تعداد بھی اس کی ایک وجہ ہو سکتی ہے۔

جرمنی میں کیسز کی تعداد دو لاکھ 14 ہزار سے زیادہ ہے اور اموات نو ہزار 180 ہیں۔

ادھر ویت نام میں وبا 11 مقامات تک پھیل گئی ہے۔ روئٹرز کے مطابق وزیر صحت نے جمعرات کو کہا ہے کہ کورونا وائرس کے گڑھ دانانگ میں سپورٹس سٹیڈیم کو ایک ہزار بیڈز پر مشتمل ہسپتال میں تبدیل کیا جا رہا ہے۔

دانانگ میں 25 جولائی سے اب تک دو سو کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ حکام نے کہا ہے کہ صورتحال ’قابو میں‘ ہے اور اگلے 10 دنوں میں وبا اپنی انتہا پر پہنچ جائے گی۔

وزارت صحت نے جمعرات کو کہا کہ پانچ نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد ویت نام میں کُل متاثرین 718 اور ہلاکتیں 10 ہوگئی ہیں۔

ویت نام کے وزیر اعظم نے کہا تھا کہ اگست کا پہلا ہفتہ وبا پر قابو پانے کے لیے اہم ہوگا۔

روئٹرز کے مطابق آسٹریلیا کے دوسرے بڑے شہر میلبرن کو جمعرات سے سخت ترین پابندیوں کا سامنا ہے۔ ریاست وکٹوریا کے سٹیٹ کیپیٹل میں دوسرے لاک ڈاؤن کا آغاز جولائی میں ہوا تھا لیکن اضافی پابندیاں راتوں رات لگائی گئی ہیں اور ہزاروں لوگ گھروں میں بند ہو کر رہ گئے ہیں۔

آسٹریلیا میں کورونا متاثرین کی تعداد 20 ہزار ہے اور 255 ہلاکتیں ہو چکی ہیں (فوٹو: اے ایف پی)

آسٹریلین وزیر اعظم سکاٹ موریسن خبردار کیا تھا کہ لاک ڈاؤن سے آسٹریلیا کی معیشت کو نو ارب ڈالر تک نقصان ہو سکتا ہے اور بے روزگاری کی شرح 13 فیصد ہو سکتی ہے۔

آسٹریلیا میں کورونا متاثرین کی تعداد 20 ہزار ہے اور 255 ہلاکتیں ہو چکی ہیں۔

امریکی یونیورسٹی جان ہاپکنز کے مطابق دنیا میں متاثرین کی کُل تعداد ایک کروڑ 88 لاکھ سے بڑھ چکی ہے اور اموات سات لاکھ آٹھ ہزار سے زائد ہو چکی ہیں۔

امریکہ میں کورونا متاثرین کی کُل تعداد48  لاکھ  سے زائد ہو چکی ہے جبکہ ہلاکتیں ایک لاکھ 58 ہزار 268 ہیں۔

امریکہ کے بعد دنیا میں برازیل کورونا وائرس سے بری طرح متاثر ہے اور وہاں کیسز کی تعداد ساڑھے 28 لاکھ سے زیادہ ہو چکی ہے اور اموات 97 ہزار سے زائد ہیں۔

 

جنوبی افریقہ میں کورونا متاثرین کی کُل تعداد پانچ لاکھ 29 ہزار سے زیادہ ہے (فوٹو: اے ایف پی)

 انڈیا کورونا سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک کی فہرست میں تیسرے نمبر پر ہے جہاں اب تک 19 لاکھ  64 ہزار سے زیادہ افراد متاثر ہوئے ہیں، اور 40 ہزار 699 ہیں۔

روس میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد آٹھ لاکھ  70 ہزار سے بڑھ گئی ہے جب کہ ہلاکتوں کی تعداد 14 ہزار 579 ہے۔ 

جنوبی افریقہ میں کورونا متاثرین کی کُل تعداد پانچ لاکھ 29 ہزار سے زیادہ ہے، اور نو ہزار 298 افراد اب تک وبا سے ہلاک ہو چکے ہیں۔

Facebook Comments