ھفتہ 18 مئی 2024

کرونا سے صحت یابی کے بعد سونگھنے کی حس کیسے بحال کی جائے؟

کرونا سے صحت یابی کے بعد سونگھنے کی حس کیسے بحال کی جائے؟

ریاض: سعودی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس سے صحت یابی کے بعد بھی سونگھنے کی حس بحال کرنے کے لیے مختلف اشیا کو سونگھنے کی کوشش کرتے رہیں۔

عرب میڈیا کے مطابق وزارت صحت کو موصول ہونے والے سوالات میں بعض لوگوں نے دریافت کیا تھا کہ کرونا کے مرض سے شفایابی کے بعد بھی سونگھنے کی حس بحال نہیں ہورہی اس حوالے سے کیا کیا جائے؟

وزارت صحت کی جانب سے کہا گیا کہ ایسی صورتحال میں پریشان ہونے کی ضرورت نہیں عام طور پر کرونا سے صحت یابی کے دو ہفتے تک سونگھنے اور چکھنے کی حس مرحلہ وار بحال ہونا شروع ہوجاتی ہے۔

سعودی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ وہ افراد جن میں یہ حس کرونا سے شفایابی کے دو ہفتے بعد بھی بحال نہ ہو تو انہیں چاہئے کہ وہ اس حس کو بحال کرنے کے لیے مختلف اشیا کو سونگھنے کی کوشش کرتے رہیں۔

وزارت صحت کا کہنا ہے کہ اشیا کو سونگھتے رہنے کی پریکٹس کرتے رہنے سے یہ حس بتدریج بحال ہونا شروع ہوجائے گی اس کے لیے ضروری ہے کہ مستقل مزاجی سے مختلف خوشبو یا فروٹ وغیرہ کو سونگھتے رہیں۔

واضح رہے کہ کرونا کی مہلک بیماری کے دوران انسان بعض احساسات کھو دیتا ہے جن میں سب سے پہلے ذائقہ اور اشیا کی بو کو سونگھنے کی حس شامل ہے۔

سعودی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ صحت یابی کے بعد مرض کے دوران معدوم ہوجانے والی حسیں بتدریج بحال ہوجاتی ہیں اس کے لیے کسی قسم کی ادویات درکار نہیں ہوتیں۔

Facebook Comments