اتوار 19 مئی 2024

امارات: دھوکے باز نے تاجر سے 14 لاکھ درہم ہتھیا لیے

امارات: دھوکے باز نے تاجر سے 14 لاکھ درہم ہتھیا لیے

ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات میں ایک دھوکے باز نے ایک تاجر کو دھوکہ دے کر اس سے 14 لاکھ درہم ہتھیا لیے، پولیس نے ملزم کو گرفتار کرلیا۔

اماراتی خبر رساں ایجنسی کے مطابق متحدہ عرب امارات میں ایک دھوکہ باز نے خلیجی سرمایہ کار سے 14 لاکھ درہم اینٹھ لیے، دھوکے باز نے تاجر کو ایک میدان میں کھڑی ہوئی گاڑیاں دکھا کر سودا کرلیا۔

مذکورہ دھوکے باز نے خلیجی سرمایہ کار کو یہ تاثر دیا کہ رینٹ اے کار کا شوروم اور گاڑیاں اس کی اپنی ہیں۔

مذکورہ نظارے کے بعد خلیجی تاجر دھوکے باز کے جھانسے میں آگیا۔ اس نے اتنی زحمت بھی گوارا نہ کی کہ گاڑیاں اور رینٹ اے کار ایجنسی کے کاغذات دیکھ لیتا۔

خلیجی تاجر نے رینٹ اے کار ایجنسی کا سودا ہونے پر اسے 11 لاکھ درہم کیش دیے اور دھوکے باز کو اپنی رینجروور گاڑی یہ کہہ کر دی کہ اسے 3 لاکھ درہم میں فروخت کر سکتے ہو۔

بعد ازاں خلیجی تاجر نے پولیس اسٹیشن میں دھوکہ دہی کی رپورٹ درج کروائی جس پر پولیس نے دھوکہ باز کو گرفتار کرلیا، ملزم ایک عرب شہری ہے جسے پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کر دیا گیا۔

ملزم نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ اسے دراصل رقم کی ضرورت تھی، اب وہ مذکورہ شخص کو قسطوں میں رقم دینے کا ارادہ رکھتا ہے۔

Facebook Comments