ھفتہ 04 مئی 2024

سبز چائے سے کریں ایکنی کا صفایا

سبز چائے سے کریں ایکنی کا صفایا

سبز چائے کے باقاعدگی سے استعمال سے مجموعی صحت پر مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں، اس سے ناصرف وزن میں کمی آتی ہے بلکہ جِلد سے متعلق کئی مسائل سے بھی نجات ملتی ہے ۔

ماہرین کے مطابق سبز چائے سے کولیسٹرول اور ذیابطیس کے مسائل حل کرنے کے علاوہ جِلد کے بھی کئی مسائل حل کیے جا سکتے ہیں ۔

مون سون کے موسم میں چکنی جِلد رکھنے والے افراد کے مسائل میں اضافہ ہو جاتا ہے ، مون سون کے موسم میں ایکنی کا شکار جِلد مزید خراب ہونے لگتی ہے اور ایکنی بڑی اور موٹی ہو جاتی ہے، ایکنی کے بعد جِلد پر بننے والے داغ دھبوں سے جان چھڑانے کے لیے سبز چائے کا استعمال کیا جا سکتا ہے ۔

سبز چائے میں اینٹی آکسیڈنٹ اور اینٹی انفلامینٹری خصوصیات پائی جاتی ہیں ، ایکنی کے خاتمے اور داغ دھبوں کی صفائی کے لیے سبز چائے کو بطور اسکن ٹونر استعمال کریں، سبز چائے کے استعمال کے ذریعے مطلوبہ نتائج دیر سے مگر پائیدار حاصل ہوتے ہیں، ایکنی اور داغ دھبوں کی صفائی کے لیے سبز چائے کا ایک مہینے تک مسلسل دن میں دو بار استعمال کرنا شرط ہے ۔

سبز چائے بطور ٹونر کیسے کام کرتی ہے ؟

یونیورسٹی آف میری لینڈ میڈیکل سینٹر کے مطابق سبز چائے میں پائے جانے والے مخصوص ’ ایپیگلوٹوٹچن گولیٹ ‘ ( ای سی جی سی ) کیمیکل سے ایکنی کی صورت میں بننے والی سوجن کا خاتمہ ہوتا ہے اور ایکنی کے داغ دھبوں کا صفایا ہوتا ہے ۔

یہ کیمیکل ایکنی کے لیے قدرتی اینٹی بائیوٹک اور اینٹی آکسیڈنٹ کا کام کرتا ہے ، 2017 میں شائع ہونے والی ایک رپورٹ کے مطابق سبز چائے میں پولی فینول اسکن کی صحت کے لیے نہایت مفید ثابت ہوتا ہے ، پولی فینول جِلد کے خلیوں میں ’ سیباشیئس گلینڈ ‘ کو متحرک کرتا ہے جس کے نتیجے میں سیبم کی افزائش میں کمی واقع ہوتی ہے اور جِلد پر اضافی تیل نہیں آتا۔

گھر میں سبز چائے سے اسکن ٹونر بنانے کا طریقہ

ایک کپ ( 120 ملی لیٹر ) پانی کو ابا لیں، اب اس میں ایک چائے کا چمچ یا سبز چائے کا بیگ شامل کر لیں، اسے چند منٹ پکائیں اور ٹھنڈا کر لیں ۔

اب اس سبز چائے کو کانچ کی بوتل میں ڈال کر فریج میں محفوظ کر لیں، اس سبز چائے کو 7 سے 8 دن تک استعمال میں لایا جا سکتا ہے ۔

سبز چائے سے بنا اسکن ٹونر استعمال کرنے کا طریقہ

چہرے کو کسی اچھے جیل فیس واش سےدھو لیں ، ایکنی کے شکار افراد فامِک فیس واش استعمال کرنے سے گریز کریں ۔

اب صاف چہرے پر روئی کی مدد سے سبز چائے لگائیں اور 15 سے 20 منٹ بعد چہرہ دھو لیں ۔

سبز چائے کا چہرے پر براہ راست اسپرے بھی کیا جا سکتا ہے ۔

Facebook Comments