ھفتہ 18 مئی 2024

ترک اداکار انجین التان دوزیتان نے پاکستانی کمپنی کے ساتھ معاہدہ منسوخ کردیا

ترک اداکار انجین التان دوزیتان نے پاکستانی کمپنی کے ساتھ معاہدہ منسوخ کردیا
معاہدے کی منسوخی کی تصدیق ترکی کے سرکاری نشریاتی ادارے ٹی آر ٹی کے ذرائع نے کی ہے

پاکستان کے سرکاری ٹیلی ویژن پی ٹی وی پر اردو ترجمے میں دکھائے جانے والے مقبول ترین ڈرامہ سیریل ارطغرل غازی کے مرکزی کردار ترک اداکار انجین التان دوزیتان نے اسلام آباد کی نجی ہاؤسنگ سوسائٹی سے برانڈ ایمبیسڈر کا معاہدہ کیا تھا۔

ارطغرل غازی کے مرکزی کردار نے پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد کی نجی ہاؤسنگ سوسائٹی بلیو ورلڈ سٹی کو غیر قانونی قرار دیے جانے کی وجہ سے اپنا معاہدہ منسوخ کردیا ہے، معاہدے کی منسوخی کی تصدیق ترکی کے سرکاری نشریاتی ادارے ٹی آر ٹی کے ذرائع نے کی ہے۔

انجین التان دوزیتان (ارطغرل غازی) کا یارِ من ترکی یوٹیوب چینل کے اینکر ڈاکٹر فرقان حمید سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ معاہدے کے وقت انہیں بلیو ورلڈ سٹی کے بارے میں کوئی زیادہ معلومات حاصل نہیں تھی۔

ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے ترک اداکار انجین التان دوزیتان کا کہنا تھا کہ نجی ہاؤسنگ سوسائٹی سے متعلق پاکستان سے حاصل ہونے والی معلومات کی روشنی اور اس کمپنی سے متعلق اچھی رائے نہ رکھے جانے کی وجہ سے انہوں نے کمپنی کے ساتھ بطور ایمبیسڈر کا کیا ہوا معاہدہ منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

خیال رہے کہ کچھ عرصہ قبل نجی ہاؤسنگ سوسائٹی نے فوٹو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر جاری مختلف پوسٹس میں بتایا تھا کہ انجین التان دوزیتان جلد اسلام آباد میں بلیو ورلڈ میں مسجد کے سنگ بنیاد کی تقریب میں شرکت کریں گے۔

بعدازاں ترک اداکار انجین التان دوزیتان (ارطغرل غازی) نے انسٹاگرام پر جاری کردہ ویڈیو میں پاکستانی برانڈ کا ایمبیسڈر بننے کی تصدیق کی تھی اور کہا تھا کہ جلد پاکستان آؤں گا۔

Facebook Comments