ھفتہ 04 مئی 2024

موٹروے زیادتی کیس، مجرموں کو سنگسار کیا جائے: اداکارہ اشنا شاہ

موٹروے زیادتی کیس، مجرموں کو سنگسار کیا جائے: اداکارہ اشنا شاہ
موٹروے زیادتی کیس کے متعلق اداکارہ اشناشاہ کا بیان

لاہور (دھرتی نیوز) صوبائی دارالحکومت میں موٹروے کے نزدیک دوبچوں کی ماں کیساتھ ہونیوالی زیادتی کے بعد شوبز انڈسٹری کے فنکاروں نے شدید رد عمل دیتے ہوئے ملزموں کو قرار واقعی سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے جبکہ اداکارہ اشنا شاہ نے مطالبہ کیا کہ مجرموں کو سنگسار کیا جائے۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ چند روز کے دوران ملک بھر میں جنسی ہراسگی کے متعدد واقعات سامنے آئے ہیں، تقریباً چار پانچ روز قبل کراچی میں پانچ سالہ بچی مروا کو زیادتی کے بعد قتل کیا گیا جس کے بعد اس کے قاتل کو گرفتار کیا گیا۔ اسی طرح گزشتہ روز لاہور میں موٹروے کے قریب بچوں کے سامنے ماں کے ساتھ مبینہ طور پر ریپ کیا گیا۔

ان واقعات کے بعد وزیراعظم عمران خان نے فوری طور پر نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ کہ مہذب معاشروں میں ایسے واقعات انتہائی شرمناک ہیں۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مجرموں کی گرفتاری کا ٹاسک دیدیا ہے۔

آئی جی پنجاب انعام غنی کا کہنا ہے کہ ملزمان کو جلد گرفتار کر لیں گے، 12 مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا ہے جبکہ 70 ایسے افراد کا ریکارڈ بھی لے لیا گیا ہے جن کا پہلے سے مجرمانہ ریکارڈ موجود ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ڈی آئی جی پولیس اس کیس کی خود نگرانی کر رہے ہیں جبکہ 20 ٹیمیں اس کیس پر کام کر رہی ہیں اور جیو فینسنگ کے نتیجے میں وہ اس گاؤں کی نشاندہی میں بھی کامیاب ہو چکی ہیں جہاں سے ملزمان کا تعلق ہے۔

دوسری طرف شوبز انڈسٹری کے فنکاروں نے موٹروے پر ہونیوالی خاتون کیساتھ زیادتی کے بعد شدید رد عمل دیتے ہوئے ملزموں کو قرار واقعی سزا دی جائے۔

سوشل میڈیا کی مشہور ویب سائٹ ٹویٹر پر اداکار فیروز خان نے وزیراعظم عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ کوئی ایک مثال بنائیں، مجرموں کو پھانسی دیں۔انہوں نے وزیراعظم کو ہیش ٹیگ کرتے ہوئے مزید لکھا کہ میں پاکستان کو ریاست مدینہ بنانے کا حامی ہوں، اگر مجرموں کو سرعام پھانسی نہ دی گئی تو کچھ بھی نہیں بدلے گا۔

اداکارہ اشنا شاہ کا ٹویٹر پر لکھتے ہوئے کہنا تھا کہ اس واقعات کے بعد اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ کیسے پاکستانی معاشرہ مشکلات کا شکار ہے۔مجرم کو سنگسار کیا جانا چاہیے۔

سماجی کارکن اور پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم کی اہلیہ شنیرا اکرم نے ٹویٹر پر لکھا کہ خاتون کے ساتھ زیادتی کرنے والا مجرم جلد انجام کو پہنچ جائے گا۔

اداکارہ عثمان خالد نے ٹویٹر پر لکھا کہ ایمرجنسی ہیلپ لائن پر کال ہونے کے باوجود موٹروے پولیس ناکام ہو گئی۔ براہ کرم اس کی تحقیق کریں۔عہد وفا میں کردار ادا کرنے والے اداکار کا مزید کہنا تھا کہ یہ بہت شرمندگی کی بات ہے، اور مجموعی طور پر غفلت کا مظاہرہ کیا گیا، موٹروے پولیس کا احتساب کیا جانا چاہیے۔

اس سے قبل اداکارہ عائشہ عمر نے ٹویٹر پر لکھا کہ ایک دن قبل پانچ سالہ بچی کیساتھ ہوا، آج خواجہ سرا کے ساتھ واقعہ ہوا، ہم کسی کی حفاظت نہیں کر سکتے۔

اداکارہ منشاءنے ٹویٹر پر لکھا کہ چینی ، آٹے اور سبزی کا دام بڑھ رہا ہے، اور سستی ہو رہی ہے تو انسانی جان۔

یاد رہے کہ گجرپورہ کے علاقے میں 2 ڈاکووں نے مبینہ طور پر خاتون کو اس وقت ریپ کا نشانہ بنادیا جب وہ موٹروے پر اپنی گاڑی میں کچھ خرابی کے بعد مدد کا انتظار کر رہی تھیں۔

خاتون اپنے بچوں کے ہمراہ لاہور سے گوجرانوالہ کا سفر کر رہی تھیں۔

ایک پولیس عہدیدار نے دعویٰ کیا کہ خاتون نے لاہو، سیالکوٹ موٹروے پر ٹول پلازہ عبور کیا کہ ان کی گاڑی یا تو پیٹرول کی قلت یا کچھ اور خرابی کی وجہ سے رک گئی۔

اسی دوران انہیں گوجرانوالہ سے رشتے دار کی کال آئی، جنہوں نے انہیں پولیس ہیلپ لائن پر مدد کے لیے کال کرنے کا کہا جبکہ وہ خاتون تک پہنچنے کے لیے گھر سے نکل گیا۔

جب مذکورہ رشتے دار جائے وقوع پر پہنچا تو وہاں خاتون موجود تھی جو گھبرا رہی تھیں اور ان کے کپڑوں پر خون لگا ہوا تھا۔

واقعے کی تفصیل سے متعلق پولیس عہدیدار نے دعویٰ کیا کہ 2 مسلح افراد نے خاتون کو اکیلا دیکھا اور اسلحے کے زور پر خاتون اور بچون کو قریبی کھیت میں لے گئے اور وہاں خاتون کا گینگ ریپ کیا۔

پولیس نے ملزمان کی تلاش کے لیے ٹیمیں بنا دی ہیں۔

ساتھ ہی ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ جب مسلح افراد وہاں پہنچے تب تک خاتون نے ہیلپ لائن پر کال نہیں کی تھی، مزید یہ ملزمان خاتون سے نقدی، جیولیری اور دیگر قیمتی سامان بھی لے گئے۔

پولیس عہدیدار کا بتانا تھا کہ خاتون ڈیفنس ہاوسنگ اتھارٹی کی رہائشی ہیں اور ان کے شوہر بیرون ملک کام کرتے ہیں۔ خاتون کے رشتے دار کی شکایت پر 2 نامعلوم ڈاکوو¿ں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

Facebook Comments