ھفتہ 18 مئی 2024

پیمرا نے بول انٹرٹینمنٹ کے پروگرام”ٹک ٹاک شو” پر پابندی عائد کر دی

پیمرا نے بول انٹرٹینمنٹ کے پروگرام”ٹک ٹاک شو” پر پابندی عائد کر دی

پیمرا کی انتہائی نامناسب، بیہودہ، فحش اور انڈین گانوں پر مبنی ویڈیوز نشر کرنے پر بول انٹرٹینمنٹ کے پروگرام “ٹک ٹاک شو” پر پابندی عائد

پیمرا نے انتہائی نامناسب، بیہودہ، فحش اور انڈین گانوں پر مبنی ویڈیوز نشر کرنے پر بول انٹرٹینمنٹ کے پروگرام ٹک ٹاک پر پابندی عائد کر دی ہے، پیمرا کی جانب سے بول نیوز کے پروگرام “ٹک ٹاک شو” پر پابندی کا نوٹیفیکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے ۔

پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی کی جانب سے جاری کی گئی پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ “پیمرا نے بول انٹرٹینمنٹ کے پروگرام میں ٹک ٹاک کی نشریات پر فوری طور پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے، اس پروگرام میں نشر کیا جانے والے مواد پر ناظرین کی جانب سے پاکستان سٹیزن پورٹل اور پیمرا کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر متعدد شکایات موصول ہو رہی تھیں”

پیمرا کی پریس ریلیز کے مطابق ” چینل کو مذکورہ پروگرام میں انتہائی نامناسب، بیہودہ ، فحش اور انڈین میوزک پر مبنی ویڈیوز نشر کرنے پر اظہار وجوہ کا نوٹس جاری کیا گیا اور متنبہ کیا گیا تھا کہ پروگرام میں نشر کیے جانے والے مواد کا جائزہ لیں، اور پروگرام کو پاکستانی اقتدار کے مطابق بنائے، بصورت دیگر پیمرا آرڈیننس کے تحت کارروائی کی جائے گی۔

پیمرا کا اپنی جاری کردہ پریس ریلیز میں مزید کہنا تھا کہ ” بول انٹرٹینمنٹ نے مذکورہ پروگرام میں نامناسب ٹک ٹاک ویڈیوز نشر کرنا جاری رکھا، جس پر کارروائی کرتے ہوئے اتھارٹی نے پیمرا کے آرڈیننس کے سیکشن 27 کے تحت مذکورہ پروگرام نشر کرنے پر پابندی عائد کر دی ہے”

Facebook Comments