ھفتہ 18 مئی 2024

سول ملٹری تعلقات بارے وزیر اعظم عمران خان نے اپنے دل کی ساری باتیں کھول کر رکھ دیں

سول ملٹری تعلقات بارے وزیر اعظم عمران خان نے اپنے دل کی ساری باتیں کھول کر رکھ دیں
فوٹو :فائل

 اسلام آباد(دھرتی نیوز)وزیر اعظم عمران خان نے کہاکہ پاکستان میں سول اور فوجی تعلقات میں مسئلہ رہا ہے، اگر ماضی میں کسی آرمی چیف نے کوئی غلطی کی تو کیا ہمیشہ کیلئے پوری فوج کو برا بھلا کہیں؟ اگر جسٹس منیر نے غلط فیصلہ کیا تو عدلیہ کو ساری زندگی برا بھلا کہنا ہے؟ماضی صرف سیکھنے کیلئے ہوتا ہے، ہم نے سیکھا ہے کہ فوج کا کام حکومت چلانانہیں،جمہوریت اگر ملک کو نقصان دے رہی تو اس کا یہ مطلب نہیں کہ اس کی جگہ مارشل لا آ جائے؟ اس کا مطلب جمہوریت کو ٹھیک کریں،آج پاکستان کی فوج میری پالیسی کے ساتھ کھڑی ہے،گلگت بلتستان کے اندر بھارت مکمل طور پر متحرک ہے،اگر پاکستانی فوج نہ ہوتی تو ملک کے تین ٹکڑے ہوجاتے۔

 وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان میں سول اور فوجی تعلقات میں ہمیشہ مسئلہ رہا ہےلیکن ہم نے اپنے ماضی سے سیکھا ہے ،آج سول ملٹری تعلقات تاریخ میں سب سے بہتر ہیں، اگر عدلیہ میں غلط فیصلے ہورہے ہوں؟کوئی چیف جسٹس ایسا آئے جو غلط فیصلے کرے یا ملک میں کمزور کو طاقت ور سے تحفظ نہ دے سکے تو اس مطلب یہ نہیں ہے عدلیہ کی مذمت کریں بلکہ اس کو بہتر کریں، ہمارے ملک میں عدلیہ بہتر ہوتی گئی ہے اور اسی طرح فوج بھی بہتر ہوئی ہے، میں یہ سمجھتا ہوں کہ موجودہ سول فوجی تعلق بہتر ہے اس کی وجہ یہ ہے کہ پاکستان کی فوج ایک جمہوری حکومت کے پیچھے کھڑی ہے، آج اعتماد اس لیے ہے کہ سب اپنے دائرے میں کام کررہے ہیں، ایک جمہوری حکومت اپنے منشور کے مطابق کام کررہی اور فوج اس کے مطابق کام کررہی ہے، آج پاکستان کی فوج میری پالیسی کے ساتھ کھڑی ہے۔

عمران خان نے کہا کہ نواز شریف جو گیم کھیل رہے ہیں وہ بہت خطرناک ہے، یہی الطاف حسین نے کیا، میں واضح طور پر کہتا ہوں کہ ان کے پیچھے 100 فیصد ہندوستان پوری مدد کر رہا ہے، پاکستان کی فوج کمزور کرنے پر دلچسپی ہمارے دشمنوں کی ہے، امریکا میں ہندوستانی لابی میں کون بیٹھا ہوا ہے؟ حسین حقانی باہر بیٹھ کر پوری مہم چلاتا ہے اور یہاں نادان لبرلز بنے ہوئے ہیں اور کہتے ہیں ہم فوج کے خلاف ہیں، میں ان سے کہتا ہوں کہ خدا کے واسطے اپنی آنکھیں کھولو اور لیبیا، عراق، شام، افغانستان، یمن اور پوری مسلم دنیا میں آگ لگی ہوئی اور اگر آج ہماری پاکستانی فوج نہ ہوتی تو ملک کے تین ٹکڑے ہوجاتے، ہندوستان کے تھنک ٹینک باقاعدہ طور پر کہتے ہیں کہ پاکستان کو توڑنا ہے اور ہم پاک فوج کی وجہ سے بچے ہوئے ہیں، گلگت بلتستان کے اندر بھارت مکمل طور پر متحرک ہے کیونکہ یہ سی پیک کی روٹ ہے اور اوپر سے انتشار پھیلانے کی کوشش کررہے ہیں، ہندوستان نے ملک میں شیعہ سنی انتشار کا منصوبہ بنایا تھا لیکن ہماری ایجنسیوں نے ناکام بنایا اور اسلام آباد میں لوگوں کو پکڑا، بی جے پی کی موجودہ حکومت جیسی ہندوستان میں اس قدر پاکستان مخالف کوئی حکومت نہیں آئی۔

Facebook Comments