منگل 07 مئی 2024

ٹوئٹر انتظامیہ کا ڈونلڈ ٹرمپ کے ٹوئٹس پر انتباہ جاری

ٹوئٹر انتظامیہ کا ڈونلڈ ٹرمپ کے ٹوئٹس پر انتباہ جاری

واشنگٹن (دھرتی نیوز انٹرنیشنل ڈیسک) ٹوئٹر انتظامیہ نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے گزشتہ روز کیے گئے ٹوئٹس پر ان کو انتباہی نوٹس جاری کیا ہے، ٹرمپ نے اپنے پیغامات میں صدارتی انتخابات کے نتائج سے متعلق الزامات لگائے تھے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئیٹر کی انتظامیہ نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو امریکی صدارتی الیکشن متنازع بنانے والے ٹویٹس پر انتباہ جاری کردیا ہے۔

صدرٹرمپ نے اپنے ٹوئٹر پیغامات میں ریاست پنسلوانیا، جارجیا، نارتھ کیرولائنا میں ووٹ ضائع کرنے کاالزام عائد کیا تھا، ٹویٹر انتظامیہ نے شکست دینے کیلئے ووٹ ضائع کرنے کے الزامات پرانتباہ جاری کیا۔

گزشتہ روز سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں امریکی صدر کا کہنا تھا کہ بڑی کامیابی کا اعلان آج کروں گا، ہماری کامیابی یقینی ہے لیکن الیکشن کو چوری کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، انہوں نے کہا کہ جیتنا آسان ہے لیکن ہارنا کبھی آسان نہیں ہوتا۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ بھی ٹوئٹر اور فیس بک انتظامیہ نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی کورونا وائرس سے متعلق کی گئی پوسٹ کو ہٹا دیا تھا جس میں ٹرمپ نے کورونا وائرس کو فلو سے کم مہلک قرار دیا تھا۔

ٹرمپ نے اپنی ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں کورونا وائرس کو فلو سے کم مہلک قرار دیا تو فیس بک نے اسے ڈیلیٹ کردیا جب کہ ٹوئٹر نے اسے گمراہ کن اور خطرناک معلومات پھیلانے کی وارننگ کے ساتھ چھپا دیا تھا۔

Facebook Comments