ھفتہ 11 مئی 2024

پاکستان کا پہلا او ٹی ٹی پلیٹ فارم ‘اردو فلکس’ کب لانچ ہو رہا ہے؟

پاکستان کا پہلا او ٹی ٹی پلیٹ فارم ‘اردو فلکس’ کب لانچ ہو رہا ہے؟

چند ہفتوں قبل وفاقی وزیر  برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا تھا کہ حکومت پاکستان کی جانب سے پاکستان کا پہلا او ٹی ٹی پلیٹ فارم لانچ کیا جائے گا لیکن اب ای میکس میڈیا نے اعلان کیا ہے کہ وہ پاکستان کا پہلا او ٹی ٹی پلیٹ فارم لانچ کر رہے ہیں۔

ای میکس میڈیا ایک ڈیجیٹل نیٹ ورک ہے اور انہوں نے پاکستان کا پہلا او ٹی ٹی پلیٹ فارم لانچ کرنے کا اعلان کیا ہے جس کا نام ‘اردو فلکس’ ہے۔

اردو فلکس پلیٹ فارم پوری دنیا میں اردو مواد پیش کرے گا اور صارفین اس پلیٹ فارم کے ذریعے اردو فلمیں، سیریز، دستاویزی فلمیں، کارٹون اور اردو ڈبنگ والے ترکش ڈرامے دیکھ سکیں گے۔

یہ او ٹی ٹی پلیٹ فارمز اپنے صارفین کو  پہلے سے مشہور  ڈرامے اور فلموں کی اسٹریمنگ کی بھی پیشکش کرے گا۔

اردو فلکس کے بانی فرحان گوہر کا کہنا ہے کہ ہم پاکستان کا پہلا اردو او ٹی ٹی پلیٹ فارم لانچ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے بہت پرجوش ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں آن ڈیمانڈ اسٹریمنگ کلچر کے اضافے کو مد نظر رکھتے ہوئے ہم بھی پاکستانی مواد کو عالمی سطح پر پیش کرنے میں اپنا کردار ادا کرنا چاہتے ہیں۔

یہ او ٹی ٹی سروس صارفین کو انٹرنیٹ پر میسر ہو گی جب کہ توقع کی جا رہی ہے کہ اردو فلکس جنوری 2021 کے وسط میں لانچ کیا جائے گا۔

Facebook Comments