پیر 29 اپریل 2024

پی ایس ایل 2021 کے شیڈول کا اعلان کردیا گیا،میچ کون کونسے سٹیڈیمز میں کھیلے جائیں گے؟آپ بھی جانیں

پی ایس ایل 2021 کے شیڈول کا اعلان کردیا گیا،میچ کون کونسے سٹیڈیمز میں کھیلے جائیں گے؟آپ بھی جانیں
فوٹو : رائٹرز

لاہور(دھرتی نیوز)پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل )2021 کے شیڈول کا اعلان کردیا،ٹورنامنٹ کا فائنل میچ لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

لیگ کا افتتاحی میچ 20فروری کو کراچی میں کھیلا جائے گا، جہاں دفاعی چیمپئن کراچی کنگز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیمیں مدمقابل آئیں گی۔

اگلے روز ایونٹ میں دو میچز کھیلے جائیں گے، پہلے میچ میں لیگ کے پانچویں ایڈیشن کی فائنلسٹ لاہور قلندرز اور ایڈیشن 2017کی فاتح پشاور زلمی کی ٹیمیں جبکہ دوسرے میچ میں دومرتبہ کی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ اور ملتان سلطانز کی ٹیمیں ایکشن میں نظر آئیں گی۔تیس روزہ ٹورنامنٹ کا فائنل 22مارچ کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔2017 کے بعد پہلی مرتبہ ہوگا کہ ایونٹ کا فائنل لاہور میں کھیلا جائے گا۔

 کورونا وائرس کی عالمی وباء کے دوران تمام اسٹیک ہولڈرز کی صحت اور حفاظت کے پیش نظر 34میچز پر مشتمل ایونٹ کراچی اور لاہور میں کھیلا جائے گا۔

ایونٹ کا پہلا مرحلہ نیشنل اسٹیڈیم کراچی اور دوسرا مرحلہ پی سی بی ہیڈ کوارٹرز قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔

تماشائیوں کی آمد سے متعلق کوئی بھی فیصلہ ایونٹ سے چند روز قبل کیا جائے گا، اس حوالے سے حکومتی سفارشات کو ملحوظ خاطر رکھا جائے گا۔

Facebook Comments