پیر 29 اپریل 2024

کیا موٹے افراد بھی صحت مند ہوسکتے ہیں؟ تازہ تحقیق میں سائنسدانوں نے معمہ حل کردیا

معمہ

میڈرڈ(دھرتی نیوز ڈیسک) ایک خیال پایا جاتا ہے کہ لوگ موٹاپے کا شکار ہونے کے باوجود بھی صحت مند زندگی گزار سکتے ہیں تاہم سپین کے سائنسدانوں نے نئی تحقیق میں اس خیال کو یکسر غلط قرار دیتے ہوئے ورزش کے دل کی صحت کے لیے حیران کن فوائد بیان کر دیئے ہیں۔

میل آن لائن کے مطابق میڈرڈ میں واقع یورپین یونیورسٹی کے سائنسدانوں نے اس تحقیق میں 5لاکھ 27ہزار 662بالغ افراد کی ورزش کی عادت، موٹاپا اور ان کی دل کی صحت کا باہم موازنہ کرکے نتائج مرتب کیے ہیں، جن میں بتایا گیا ہے کہ موٹاپے کے شکار لوگوں کو دل کا دورہ پڑنے کا خطرہ ان دبلے پتلے لوگوں سے بھی زیادہ ہوتا ہے جو بالکل بھی ورزش نہیں کرتے۔

 تحقیق کے نتائج میں سائنسدانوں نے بتایا کہ جو لوگ ورزش کرتے ہوں مگر موٹاپے کا شکار ہوں انہیں ورزش نہ کرنے والے دبلے پتلے لوگوں کی نسبت ہائی کولیسٹرول کا عارضہ لاحق ہونے کا خطرہ دو گنا زیادہ ہوتا ہے۔ ایسے افراد کو ذیابیطس لاحق ہونے کا خطرہ 4گنا اور ہائی بلڈ پریشر کا خطرہ 5گنا زیادہ ہوتا ہے۔

تحقیقاتی ٹیم کے سربراہ پروفیسر الیجنڈرو لوسیا کا کہنا تھا کہ ورزش نہ صرف لوگوں میں ہارٹ اٹیک اور سٹروک کے خطرے کو حیران کن حد تک کم کرتی ہے بلکہ باقاعدگی سے ورزش کرنا ہائپرٹینشن اور دیگر کئی عارضوں سے بھی بچاتا ہے۔

Facebook Comments